وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبائی وزرا اور حکام پر مشتمل ٹیم سیلاب متاثرہ علاقوں عظمت پور اور گرد و نواح کے دیہات روانہ ہوگئی ہے۔ ٹیم میں مریم اورنگزیب، خواجہ سلمان رفیق، کاظم پیرزادہ، صہیب بھرت اور رانا سکندر شامل ہیں۔
ترجمان پنجاب حکومت کے مطابق ٹیم متاثرہ دیہات عظمت پور، بیٹ ملاں والی، بستی کنڈرالہ، کوٹلہ آگر، بیٹ نور والا، لال وآلہ، ٹبہ برڑا اور بیٹ چنہ میں ریلیف سرگرمیوں کا جائزہ لے گی۔
مزید پڑھیں: مون سون بارشوں کے آٹھویں اسپیل کا امکان، وزیراعلیٰ پنجاب نے پیشگی اقدامات کی ہدایت کردی
حکام کے مطابق متاثرہ دیہات میں خیموں کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے جبکہ کوٹلہ آگر میں فلڈ ریلیف ٹینٹ سٹی بھی قائم کیا جا رہا ہے، جہاں متاثرہ خاندانوں کے لیے راشن اور صاف پانی فراہم کیا جائے گا۔
محکمہ لائیو اسٹاک کی جانب سے سیلاب زدہ علاقوں میں مویشیوں کے لیے ونڈہ اور چارہ بھی پہنچایا جا رہا ہے۔