سابق مانچسٹر یونائیٹڈ کوچ رینی مولینسٹین نے پرتگالی فٹبال لیجنڈ کرسٹیانو رونالڈو کے بارے میں پیشگوئی کی ہے کہ وہ اپنا 1000 واں گول مکمل کرنے کے بعد ریٹائرمنٹ لے سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کرسٹیانو رونالڈو نے فٹ بال کی تاریخ میں ایک اور سنگ میل عبور کرلیا
فٹبال ویب سائٹ گول کے مطابق مولینسٹین نے مشورہ دیا ہے کہ رونالڈو کے لیے اپنے شاندار کیریئر کا اختتام کرنے کا بہترین وقت وہی ہو گا جب وہ یہ تاریخی سنگِ میل عبور کر لیں گے۔
رونالڈو اس وقت النصر کلب کی نمائندگی کر رہے ہیں اور دنیا کے پہلے فٹبالر بننے کی کوشش میں ہیں جو 1000 گولز کا ہندسہ عبور کریں۔
مزید پڑھیے: زیادہ دولت کمانے والے کھلاڑیوں میں رونالڈو نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا، میسی تیسرے نمبر پر
اس حوالے سے مولینسٹین نے بیٹ وکٹر کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ لوگ رونالڈو اور ان کے 1000 گولز کے لیے یاد رکھیں گے لیکن اگر یہ سنگ میل کسی شاندار انداز میں مکمل ہو مثلاً پرتگال کے لیے تو پھر کہانی مکمل ہو جاتی ہے۔
مولینسٹین نے کہا کہ اگر انتخاب کا موقع ہو تو شاید رونالڈو یہی چاہیں گے کہ آخری گول اپنی قومی ٹیم کے لیے کریں۔
واضح رہے کہ کرسٹیانو رونالڈو نے اپنے ملک اور مختلف کلبز کی جانب سے کھیلتے ہوئے اب تک 945 گول کیے ہیں۔
مزید پڑھیں: رونالڈو نے میسی کو پیچھے چھوڑ دیا، ایک اور تاریخی ریکارڈ کے قریب
انہوں نے مزید کہا کہ دنیا اس لمحے کو دیکھ رہی ہو گی، ذرا تصور کریں اس گول کیپر کا جو رونالڈو کا 1000واں گول کھا جائے گا اور خود بھی تاریخ کا حصہ بن جائے گا۔
یہ بھی پڑھیے: دوزانو بیٹھے دعا مانگتے کرسٹیانو رونالڈو کا کلپ وائرل ہوگیا
انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ رونالڈو کھیلتے رہیں گے یہاں تک کہ وہ اپنا 1000واں گول کر لیں اور شاید یہ وہ لمحہ ہو گا جب وہ ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کریں گے۔
ناقابل یقین کارکردگی
رینی مولینسٹین نے رونالڈو کی رفتار اور کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ جو کچھ انہوں نے اتنے کم وقت میں حاصل کیا، وہ ناقابل موازنہ ہے۔
مستقبل کی جھلک
رونالڈو نے حال ہی میں النصر کے ساتھ 2027 تک نیا 2 سالہ معاہدہ کیا ہے۔ فٹبال کے حلقے توقع کر رہے ہیں کہ وہ اور ان کے دیرینہ حریف لیونل میسی شاید 2026 کے فیفا ورلڈ کپ میں آخری بار ایک ساتھ میدان میں نظر آئیں گے جو ممکنہ طور پر دونوں عظیم کھلاڑیوں کا آخری عالمی مقابلہ ہو گا۔