آئی جی اسلام آباد پولیس نے رات گئے پبلک سروس ڈلیوری کے حوالے سے اہم اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس میں شہریوں کو سہولیات کی فراہمی اور لائسنس کے اجرا کے عمل کو مزید تیز کرنے کے لیے متعدد اقدامات کا اعلان کیا گیا۔
اسلام آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق خدمت مرکز ایف 6 کے ساتھ ساتھ ٹریفک پولیس دفتر فیض آباد بھی اب 24 گھنٹے کھلا رہے گا تاکہ شہری کسی بھی وقت سہولیات سے استفادہ کرسکیں۔ اس کے علاوہ تمام خدمت مراکز کے اوقات کار صبح 6 بجے سے بڑھا کر رات 9 بجے تک کر دیے گئے ہیں جبکہ اضافی کاؤنٹر بھی قائم کیے جارہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: اسلام آباد پولیس کی بڑی کارروائی، مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث افغان گروہ کے 5 ارکان گرفتار
ترجمان نے مزید بتایا کہ ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کی سہولت اسلام آباد کے 11 خدمت مراکز پر دستیاب ہے اور عنقریب تمام تھانوں سے بھی ٹریفک سے متعلقہ سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اس اقدام کا مقصد شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ آسانی سے اپنا ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرسکیں۔
اسلام آباد پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ یکم اکتوبر سے پہلے لازمی طور پر اپنا ڈرائیونگ لائسنس بنوا لیں۔ اس کے بعد بغیر لائسنس ڈرائیونگ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی جس میں ایف آئی آر درج کرنے، گرفتاری اور گاڑی بند کرنے جیسے اقدامات شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: اسلام آباد: ون وے کی خلاف ورزیوں کے خلاف ٹریفک پولیس کا کریک ڈاؤن، 280 مقدمات درج
ترجمان کے مطابق ٹریفک پولیس مختلف پلیٹ فارمز کے ذریعے شہریوں کو اس حوالے سے مسلسل آگاہی بھی فراہم کر رہی ہے۔