نیب نے مالی غبن کے متاثرین کو رقوم کی براہِ راست آن لائن منتقلی شروع کر دی۔ ابتدائی طور پر B4U فراڈ کیس کے 5008 متاثرین کے اکاؤنٹس میں قریباً 87 کروڑ 87 لاکھ روپے منتقل کیے گئے۔
چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے اسلام آباد میں خصوصی تقریب کی صدارت کی اور متاثرین کے اکاؤنٹس میں رقوم کی منتقلی کا آغاز کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی چیئرمین، ڈائریکٹر جنرلز، نیشنل بینک آف پاکستان کی انتظامیہ اور دیگر افسران موجود تھے۔
مزید پڑھیں: ڈی جی نیب لاہور سلیم شہزاد عہدے سے مستعفیٰ، وجہ بھی سامنے آگئی
اس اقدام سے متاثرین کو نیب دفاتر کے چکر لگانے اور وقت طلب طریقہ کار سے نجات مل گئی۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ یہ عمل زیادہ شفاف، سہل اور تیز ہے اور آئندہ تمام رقوم کی واپسی اسی ماڈل پر ہوگی۔
نیب نے تحقیقات کے بعد B4U فراڈ میں 7 ارب 30 کروڑ روپے کی ذمہ داری ثابت کی، جن میں سے اب تک 7 ارب 30 کروڑ روپے بازیاب ہو کر متاثرین میں تقسیم کیے جا رہے ہیں۔














