کوئٹہ سے پشاور کے لیے جعفر ایکسپریس کی سروس 3 روز کے لیے معطل کردی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مستونگ: ریلوے ٹریک پر دھماکہ، جعفر ایکسپریس کی 6 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں
ریلوے حکام کے مطابق جعفر ایکسپریس کے مسافروں کو مکمل ری فنڈ فراہم کر دیا گیا ہے اور یہ ٹرین سروس آئندہ 3 روز تک معطل رہے گی۔
واضح رہے کہ منگل کے روز مستونگ کے علاقے اسپن زنڈ دشت کے قریب ریلوے ٹریک پر دھماکے کے نتیجے میں جعفر ایکسپریس کی 6 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئی تھیں جبکہ ایک بوگی الٹ گئی تھی۔
اس دہشت گردانہ کارروائی میں 5 مسافر زخمی ہوئے ہیں، جعفر ایکسپریس پشاور سے کوئٹہ جا رہی تھی کہ مستونگ کے علاقے میں دھماکے کا شکار ہوگئی۔
مزید پڑھیں: جعفر ایکسپریس سمیت کئی واقعات میں بیرونی ہاتھ ہونے کے شواہد ہیں، شہباز شریف کا ایس سی او اجلاس سے خطاب
ریلوے حکام کے مطابق کوئٹہ سے جعفر ایکسپریس دوسرے روز بھی روانہ نہیں ہوسکی کیونکہ اسپین زنڈ کے قریب دھماکے سے متاثرہ ٹریک اور پل تاحال بحال نہیں کیے جا سکے۔
ذرائع نے بتایا کہ ریلوے لائن پر دھماکے کے باعث الٹنے والی بوگی کو ابھی تک نہیں ہٹایا جا سکا، جس کے باعث مرمتی کام شروع نہیں کیا جا سکا۔
ان کے مطابق بوگی کو آج ہٹا لیا جائے گا جس کے بعد متاثرہ لائن اور پل کی مرمت کا کام شروع کیا جائے گا۔