بالی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان کی شادی طویل عرصے سے مداحوں اور میڈیا کی دلچسپی کا مرکز بنی ہوئی ہے، تاہم اداکار نے حالیہ انٹرویو میں شادی کے بجائے والد بننے کی خواہش کا اظہار کر کے سب کو حیران کر دیا ہے۔
سلمان خان اور عامر خان نے حال ہی میں کاجول اور ٹوئنکل کھنہ کے او ٹی ٹی پلیٹ فارم پرائم ویڈیو کے شو ’ٹو مچ‘ میں شرکت کی جس میں دونوں نے اپنی دوستی اور نجی زندگی کے حوالے سے بھی گفتگو کی۔
یہ بھی پڑھیں: ’شادی کے کارڈ چھپ چکے تھے‘، سلمان خان کیساتھ تعلق پر سنگیتا بجلانی نے خاموشی توڑ دی
عامر خان نے انکشاف کیا کہ ان کی دوستی اس وقت شروع ہوئی جب سلمان پہلی بار ان کے گھر کھانے پر آئے۔ عامر نے بتایا کہ ’جب میں اپنی پہلی بیوی رینا سے طلاق کے عمل سے گزر رہا تھا، تو سلمان پہلی بار میرے گھر آئے۔ اسی دن سے ہماری دوستی گہری ہوتی گئی۔ اس سے پہلے میں سمجھتا تھا کہ سلمان وقت کے پابند نہیں ہیں، خاص طور پر فلم ’انداز اپنا اپنا‘ کی شوٹنگ کے دوران، جس کی وجہ سے کچھ مسائل بھی ہوئے‘۔ عامر نے یہ بھی تسلیم کیا کہ وہ شروع میں سلمان کے بارے میں منفی رائے رکھتے تھے اور ان کے بارے میں بہت سخت تھے۔
شو کے دوران سلمان نے اپنی ذاتی زندگی پر بھی کھل کر بات کی۔ انہوں نے کہا، ’جب پارٹنرز ایک دوسرے سے حد سے زیادہ توقعات رکھتے ہیں تو اختلافات پیدا ہونے لگتے ہیں۔ دونوں کو کہیں نہ کہیں مسائل کا سامنا ہونے لگتا ہے۔ میرا ماننا ہے کہ پارٹنرز کو زندگی میں ایک ساتھ آگے بڑھنا چاہیے اور ایک دوسرے کا ساتھ دینا چاہیے‘۔
یہ بھی پڑھیں: اپنی شادی پر سلمان خان سے یہ توقع نہ تھی، اداکارہ بھاگیاشری کا انکشاف
جب عامر نے سلمان خان سے ان کے رشتوں کے بارے میں پوچھا تو سلمان نے جواب دیا، ’اگر رشتہ نہیں چل سکا، تو نہیں چل سکا۔ اگر کسی کو اس کا ذمہ دار ٹھہرایا جا سکتا ہے، تو وہ میں خود ہوں‘۔
شادی اور بچوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سلمان خان نے کہا کہ وہ باپ بننے کی خواہش رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں شادی نہ بھی کروں لیکن اب میں باپ بننا چاہتا ہوں، اور بہت جلد بنوں گا۔
یاد رہے کہ سلمان خان کی شادی کے حوالے سے کئی برسوں سے قیاس آرائیاں جاری ہیں، تاہم اداکار ہمیشہ اس سوال پر خاموشی اختیار کرتے آئے ہیں۔ اس حالیہ بیان نے ایک بار پھر ان کی نجی زندگی کو خبروں کی زینت بنا دیا ہے۔