وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ جے ٹرمپ سے ملاقات کی، جس میں ان کے ہمراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر NI (M), HJ، چیف آف آرمی اسٹاف بھی موجود تھے۔ ملاقات نہایت خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں ہوئی۔

صدر ٹرمپ کو ’امن کے علمبردار‘ قرار
وزیرِاعظم نے صدر ٹرمپ کو ’امن کے علمبردار‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ دنیا بھر میں تنازعات ختم کرنے کے لیے مخلصانہ کاوشیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کے لیے صدر ٹرمپ کی جرات مندانہ اور فیصلہ کن قیادت کو سراہا، جس سے خطے میں بڑے سانحے سے بچاؤ ممکن ہوا۔
🇵🇰🤝🇺🇸 Leadership with warmth, diplomacy with respect.
{@CMShehbaz _ @marcorubio} pic.twitter.com/6TbZshUEFZ
— Shehbaz Diplomacy (@ShehbazDipl) September 25, 2025
مشرقِ وسطیٰ اور غزہ کی صورتحال پر گفتگو
مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے وزیرِاعظم نے غزہ جنگ کے خاتمے کے لیے صدر ٹرمپ کی کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے خاص طور پر نیویارک میں مسلم دنیا کے رہنماؤں کو مدعو کرنے کے اقدام کو سراہا، جس کا مقصد غزہ اور مغربی کنارے میں امن کی بحالی تھا۔

تجارتی تعلقات اور سرمایہ کاری کی دعوت
وزیرِاعظم نے پاکستان اور امریکا کے درمیان رواں برس طے پانے والے ٹیرف معاہدے پر بھی صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اعتماد کا اظہار کیا کہ صدر ٹرمپ کی قیادت میں پاک-امریکا تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ اس موقع پر وزیرِاعظم نے امریکی کمپنیوں کو پاکستان کے زرعی، آئی ٹی، معدنیات اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
ہمارے پاس عظیم رہ نما وزیراعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل پاکستان آرہے ہیں۔ فیلڈ مارشل عظیم آدمی ہیں اور وزیراعظم بھی۔ وہ کچھ دیر میں اس کمرے میں پہنچ رہے ہیں، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی امریکی اوول آفس میں میڈیا سے گفتگو pic.twitter.com/WPK3vYrd0s
— Asif Alam (@KulAalam) September 25, 2025
علاقائی سلامتی اور انسدادِ دہشتگردی تعاون
دونوں رہنماؤں نے خطے کی سلامتی اور انسدادِ دہشتگردی تعاون پر بھی بات چیت کی۔ وزیرِاعظم نے پاکستان کے کردار پر صدر ٹرمپ کی جانب سے کی جانے والی عوامی حمایت پر شکریہ ادا کیا اور انٹیلی جنس و سیکیورٹی کے شعبے میں مزید تعاون بڑھانے پر زور دیا۔

صدر ٹرمپ کو دورۂ پاکستان کی دعوت
آخر میں وزیرِاعظم شہباز شریف نے صدر ٹرمپ کو پاکستان کے سرکاری دورے کی باضابطہ دعوت دی، جسے انہوں نے خوشدلی سے قبول کیا۔
یاد رہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے دو روز قبل اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سیشن کے دوران صدر ٹرمپ سے غیر رسمی ملاقات بھی کی تھی۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے گرمجوشی سے مصافحہ کیا اور خوشگوار ماحول میں گفتگو کی تھی، جس میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار بھی شریک تھے۔













