انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بھارتی کپتان سریا کمار یادو کو ایشیا کپ کے گروپ میچ کے بعد سیاسی نوعیت کے تبصرے کرنے پر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا ہے۔ یادو کا ’ناقص جرم نہیں‘ کا مؤقف میچ ریفری رچی رچرڈسن نے مسترد کر دیا۔
معروف اسپورٹس ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق آئی سی سی نے بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان سوریا کمار یادو کو قصور وار قرار دے دیا اور میچ فیس کا 30 فیصد جرمانہ عائد کردیا ہے جبکہ بھارتی بورڈ نے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کر دی ہے۔
مزید پڑھیں: 6-0 کے اشارے پر بھارتی بورڈ کو کیا اعتراض ہے؟ حارث رؤف کا سماعت کے دوران آئی سی سی سے سوال
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے یادو کے بیان پر شکایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے 14 ستمبر کے میچ کے بعد فتح کو بھارتی مسلح افواج کے نام کیا اور خاص طور پر اس فوجی آپریشن کا حوالہ دیا جو پاکستان کے ساتھ جھڑپ کا باعث بنا۔ پی سی بی نے اس پر آئی سی سی سے سخت ترین (لیول فور) سزا کا مطالبہ کیا تھا۔
یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان 14 ستمبر کے میچ سے قبل ہی کشیدگی عروج پر تھی، دونوں ٹیموں نے ٹاس اور میچ کے بعد ہاتھ ملانے سے بھی انکار کیا تھا۔ سپر4 میچ میں بھی کھلاڑیوں کے درمیان تلخ جملے اور گرما گرمی دیکھنے کو ملی تھی۔