ایشیا کپ 2025 کے فائنل سے قبل روایتی ٹرافی شوٹ منسوخ کر دیا گیا ہے۔ منتظمین نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان اور بھارت کے کپتان فائنل سے پہلے ٹرافی کے ساتھ مشترکہ فوٹو سیشن نہیں کریں گے۔
اے اسپورٹس کے مطابق باضابطہ فوٹو سیشن کا کوئی شیڈول تیار نہیں کیا گیا، البتہ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ میچ سے کچھ دیر قبل اس حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جا سکتا ہے۔
🚨 پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے متفقہ فیصلہ کیا کہ بھارتی کپتان کے ساتھ فائنل سے قبل ٹرافی فوٹوشوٹ نہیں کرنا ہے۔ #AsiaCup #PakistanCricket
— Arfa Feroz Zake (@ArfaSays_) September 27, 2025
یہ ٹورنامنٹ میں دونوں ٹیموں کے درمیان تیسری ملاقات ہوگی، تاہم میدان میں تعلقات کشیدہ رہے ہیں۔ گروپ اسٹیج کے میچ میں بھارتی کپتان سوریہ کمار یادو نے ٹاس کے وقت پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا سے مصافحہ کرنے سے گریز کیا تھا۔
مزید پڑھیں: ایشیا کپ، بنگلہ دیشی شائقین بھارت کے خلاف پاکستان کی حمایت میں سامنے آگئے
اسی میچ میں بھارت کی فتح کے بعد بھارتی کھلاڑی، بشمول یادو اور شیوم دوبے، سیدھا ڈریسنگ روم چلے گئے اور دروازے بند کرلیے، جبکہ پاکستانی کھلاڑی میدان میں روایتی مصافحے کے منتظر رہے۔
21 ستمبر کو سپر فور مرحلے کے میچ میں بھی دونوں ٹیموں کے درمیان قبل از میچ اور بعد از میچ مصافحہ نہیں ہوا، جس سے تعلقات میں تناؤ مزید نمایاں ہو گیا۔
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ایشیا کپ کے فائنل میں کل پاکستان اور بھارت مدمقابل ہوں گے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ 41 سالہ تاریخ میں دونوں حریف ٹیمیں ایشیا کپ کے فائنل میں آمنے سامنے ہوں گی۔