سابق وزیراطلاعات فردوس عاشق اعوان نے ایشیا کپ کے پاک بھارت فائنل سے قبل اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ ’مشن ایشیا کپ میں پاک بھارت ٹاکرا پاکستانی ٹیم کی فتح کے ساتھ مکمل ہوگا۔‘
انہوں نے الزام عائد کیا کہ بھارت نے جنٹلمین گیم کو سیاست سے آلودہ کر دیا ہے، مگر اسے سمجھنا چاہئے کہ ایشیا کپ اور لگان فلم میں بہت فرق ہے۔
فردوس عاشق نے دعویٰ کیا کہ آج بھارت کرکٹ کا رام رام ستے ہوگا۔ جس طرح آپریشن سندور میں سبق سکھایا گیا ویسے ہی آج کرکٹ کھیلنا سکھائیں گے۔
مزید پڑھیں: بھارتی کرکٹ بورڈ کی قیادت تبدیل، ایشیا کپ فائنل سے متعلق اہم فیصلہ بھی کرلیا
اپنے بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی کرکٹ کا غرور سومنات کے مندر کی طرح آج پاش پاش ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فائنل جیت کر انڈینز کو پورس کے ہاتھیوں کی تاریخ یاد دلائیں گے۔
پاکستانی بولرز پر اعتماد ظاہر کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستانی سپیڈ مارشل شاہین اور حارث بھارتی بلے بازوں کے لیے ڈراؤنا خواب ثابت ہوں گے۔
انہوں نے بھارتی کرکٹ بورڈ کو بھی ہدف تنقید بنایا اور کہا کہ کرکٹ ڈپلومیسی کو سیاسی شدت پسندی کی شکل دے کر بھارتی کرکٹ بورڈ نے سپورٹس دشمنی کی ہے۔ ان کے مطابق ’چھ صفر‘ کا ہندسہ اب ایشیا کپ کے میدانوں کی بھی یادگار بن چکا ہے۔