آزاد کشمیر میں جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے دی گئی شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کی کال بڑی حد تک ناکام رہی۔ ریاست کے تینوں ڈویژنز میں کاروباری مراکز جزوی طور پر کھلے رہے اور امن و امان کی مجموعی صورتحال معمول پر رہی۔
مزید پڑھیں: ایکشن کمیٹی کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار، آزاد حکومت اپنی رٹ قائم کرے، وزیر امور کشمیر امیر مقام
میرپور ڈویژن میں حالات مکمل طور پر معمول کے مطابق رہے جبکہ پونچھ اور مظفرآباد ڈویژنز میں بھی شہریوں نے بڑی تعداد میں ایکشن کمیٹی کی ہڑتال کی کال کو نظرانداز کیا۔ تاہم مظفرآباد میں مسلم کانفرنس کے پرامن مارچ پر عوامی ایکشن کمیٹی کے شرپسند عناصر کی فائرنگ سے مسلم کانفرنس کے کارکن محمد صدیق ولد محمد سلیمان جاں بحق اور متعدد شہریوں و پولیس اہلکاروں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے حالات کو قابو میں کرلیا۔
دوسری جانب پونچھ ڈویژن کے حاجرا بٹل سیکٹر میں بزرگ شہری محمد صدیق کو علالت کے باعث اسپتال منتقل کیا جارہا تھا لیکن عوامی ایکشن کمیٹی کے مظاہرین کی جانب سے لگائی گئی رکاوٹوں کے باعث ایمبولنس بروقت اسپتال نہ پہنچ سکی اور مریض دم توڑ گیا۔
مزید پڑھیں: آزاد کشمیر ہڑتال: عوام ایکشن کمیٹی کے خلاف میدان میں آگئی
شہری حلقوں نے مسلم کانفرنس کے پرامن مارچ پر حملے، فائرنگ اور ایمبولنس روکنے جیسے واقعات پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔ پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ تحمل اور سکون کا مظاہرہ کریں تاکہ امن و امان کی صورتحال مزید بگڑنے نہ پائے۔