پاکستان تحریک انصاف نے آج صبح کوئٹہ میں ایف سی ہیڈ کوارٹر کے قریب ہونے والے بم دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔
پارٹی ترجمان کے مطابق اس بزدلانہ کارروائی میں ایف سی اہلکاروں سمیت عام شہری شہید اور متعدد افراد زخمی ہوئے جو کہ ایک نہایت المناک اور دل خراش سانحہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں دھماکا، 10 افراد جاں بحق، 30 سے زائد زخمی
ترجمان نے شہدا کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے اور زخمیوں کو جلد صحت یابی عطا کرے۔
بیان میں کہا گیا کہ ملک میں دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات قومی سلامتی اور عوامی تحفظ کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔
’حکومت فی الحال شہریوں کی جان و مال کے تحفظ میں ناکام نظر آتی ہے، اس لیے فوری اور مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔‘
مزید پڑھیں: کوئٹہ: ممبر اسمبلی علی مدد جتک کی ریلی کے قریب دھماکا، ایک شخص جاں بحق
پاکستان تحریک انصاف نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی صرف عوام اور سکیورٹی اداروں کی یکجہتی سے ممکن ہے۔
پارٹی نے بہادر اہلکاروں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے عزم دہرایا کہ عوامی تعاون کے ذریعے پرامن پاکستان کا قیام یقینی بنایا جائے گا۔