پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں پی ٹی آئی نے کہاکہ حکومت نے ایک بار پھر عوام پر ظلم ڈھایا ہے، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کسی معاشی اصلاح کا قدم نہیں بلکہ سراسر زیادتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کردیا
پی ٹی آئی کے مطابق عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں مستحکم یا کم ہو رہی ہیں، مگر پاکستان میں عوام کو ریلیف دینے کے بجائے لُوٹا جا رہا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اس اضافے سے مہنگائی کا نیا طوفان کھڑا ہوگا، ٹرانسپورٹ، اشیائے خورونوش اور ہر ضرورت کی چیز مزید مہنگی ہو جائے گی یہاں تک کہ اس اضافے کا بوجھ فیول ایڈجسٹمنٹ کا بہانہ بنا کر بجلی کے بلوں میں بھی عوام پر ڈال دیا جاتا ہے۔
پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ یہ اضافہ غریب اور متوسط طبقے کے لیے ناقابلِ برداشت ہے۔ عوام پہلے ہی دو وقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں، اوپر سے یہ ظالمانہ فیصلے ان کی زندگی کو مزید عذاب بنا رہے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف حکومت کے اس فیصلے کی شدید مذمت کرتی ہے، یہ جعلی حکومت مسلسل عوام پر اپنی نااہلی کا بوجھ ڈالے جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات کی اسمگلنگ کیخلاف اقدامات، صدر نے ترمیمی بل کی منظوری دے دی
واضح رہے کہ حکومت نے آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا اعلان کرتے ہوئے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں اضافہ کردیا ہے۔