وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق، سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے امریکی ناظمہ الامور، نٹالی بیکر سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور امریکا کے تعلقات کو باہمی احترام اور تعاون کی بنیاد پر مستحکم رکھنے پر زور دیا گیا۔
وزیرِ اعظم کے حالیہ واشنگٹن دورے کو دوطرفہ سیاسی تفاہم اور تعلقات میں مثبت پیشرفت کے لیے اہم قرار دیا گیا۔ دونوں ممالک نے تعاون کو مزید بڑھانے اور مختلف شعبوں میں شراکت داری کے فروغ پر اتفاق کیا۔
مزید پڑھیں: نیٹلی بیکر نئی امریکی ڈپٹی چیف آف مشن، اسلام آباد میں ذمہ داریاں سنبھال لیں
ملاقات میں یہ بھی اجاگر کیا گیا کہ پاکستان سیاسی، معاشی اور سماجی شعبوں میں امریکا کے تعاون کا خواہاں ہے، جبکہ امریکا نے پاکستان کے ساتھ اپنے تعاون کو جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے پاک امریکا تعلقات کو خطے کے استحکام کے لیے نہایت اہم قرار دیا اور عوامی سطح پر روابط کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔