معروف گلوکار عمیر جسوال نے حال ہی میں شادی کے ایک سال مکمل ہونے پر اپنی اہلیہ کی تصویر انسٹاگرام پر شیئر کی، جس میں انہیں اسلامی لباس میں دیکھا گیا۔ اس تصویر کو دیکھ کر مداحوں نے اہلیہ کی خوبصورتی اور سادگی کی بے حد تعریف کی، تاہم کچھ صارفین نے ان کا موازنہ عمیر جسوال کی سابقہ بیوی ثنا جاوید سے کرنا شروع کر دیا۔ علاوہ ازیں، چند افراد نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ گلوکار نے متعدد شادیاں کی ہوئی ہیں۔
صارفین کی جانب سے کی گئی تنقید کے جواب میں عمیر جسوال کی اہلیہ نبیحہ نے انسٹاگرام پر ایک وضاحتی پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے کہا کہ وہ یہ بات پہلی اور آخری بار واضح کرنا چاہتی ہیں کہ ان کے شوہر کی صرف ایک بیوی ہیں اور وہ خود ہی ہیں۔
View this post on Instagram
نبیحہ نے صارفین سے اپیل کی کہ وہ صبر اور ضبط نفس کا مظاہرہ کریں اور ان کا مقابلہ کسی اور سے نہ کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کے لباس کا انداز اور حجاب کرنا یا نہ کرنا کسی کا معاملہ نہیں۔
ناقدین کو جواب دیتے ہوئے نبیحہ نے مزید کہا کہ ان کے شوہر کی جانب سے خوشیاں بانٹنے کا مطلب یہ نہیں کہ کوئی اپنی رائے دے۔ اگر کوئی دعا نہیں کر سکتا تو براہِ کرم خود کو روکیں۔
یہ بھی پڑھیں: گلوکار عمیر جسوال اپنی دوسری بیگم کی تصاویر منظر عام پر لے آئے، مداحوں کی طرف سے نیک تمنائیں
واضح رہے کہ کچھ دن پہلے عمیر جسوال نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر ایک جذباتی پیغام بھی شیئر کیا تھا، جس میں انہوں نے اپنی اہلیہ کے لیے محبت اور شکرگزاری کا اظہار کیا اور گزشتہ ایک سال کو ایک خوبصورت رفاقتی اور ترقیاتی سفر قرار دیا۔
دوسری جانب، گلوکار و نغمہ نگار عمیر جسوال کی پہلی شادی معروف اداکارہ ثنا جاوید سے 2020 میں ہوئی تھی جو 2023 تک جاری رہی۔ علیحدگی کے چند ماہ بعد عمیر جسوال نے دوسری شادی کرلی، جبکہ ثنا جاوید نے سابق کرکٹ اسٹار شعیب ملک سے شادی کر لی۔