دنیا کی سب سے بڑی کرپٹو کرنسی بٹ کوائن نے اتوار کو نئی تاریخ رقم کی اور عالمی مارکیٹ میں اس کی قیمت 2.7 فیصد اضافے کے ساتھ 1,25,245.57 ڈالر تک جا پہنچی۔
بٹ کوائن کی گزشتہ بلند ترین سطح 1,24,480 ڈالر تھی جو رواں سال اگست کے وسط میں اس وقت ریکارڈ ہوئی تھی جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کی جانب سے کرپٹو کے لیے نسبتاً دوستانہ ریگولیشنز سامنے آئے اور ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کی مانگ میں اضافہ دیکھا گیا۔
یہ بھی پڑھیے: بٹ کوائن 1 لاکھ 20 ہزار ڈالر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا
گزشتہ جمعے کو بٹ کوائن مسلسل 8ویں سیشن میں اوپر گیا جسے امریکی اسٹاک مارکیٹ میں حالیہ تیزی اور بٹ کوائن ایکسچینج ٹریڈڈ فنڈز میں سرمایہ کاری کے بڑھتے ہوئے رجحان نے سہارا دیا۔
دوسری جانب، امریکی ڈالر جمعے کو تنزلی کا شکار رہا اور بڑی کرنسیوں کے مقابلے میں کئی ہفتوں کی کمزور پوزیشن پر آگیا۔
امریکی حکومت کے ممکنہ شٹ ڈاؤن سے پیدا ہونے والی غیر یقینی صورتِ حال اور اہم معاشی ڈیٹا، جیسے روزگار کے اعدادوشمار، میں تاخیر نے ڈالر کی قدر پر دباؤ ڈالا۔













