بالی ووڈ اداکار ارباز خان اور ان کی اہلیہ شوریٰ خان کے ہاں پہلے بچے کی آمد کی خبر کے درمیان ارباز کی سابقہ اہلیہ، معروف اداکارہ و ماڈل ملائکہ اروڑہ نے حال ہی میں انکشاف کیا کہ ان کی زندگی کا سب سے پسندیدہ شخص کون ہے۔ ایک حالیہ ایونٹ میں، انہوں نے اس شخصیت کا نام لیا جو ان کے دل کے سب سے قریب ہے۔
حیدرآباد میں منعقدہ ایک ایونٹ کے دوران، ایک مداح نے ملائکہ اروڑہ سے پوچھا کہ ان کا پسندیدہ انڈسٹری آئیکون کون ہے۔ اس پر ملائکہ نے کہا کہ وہ صرف ایک کا نام نہیں لے سکتیں کیونکہ وہ کئی لوگوں سے متاثر ہوئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ارباز خان سے طلاق کیوں لی؟ ملائکہ اروڑہ نے بتادیا
ملائکہ نے کہا میرے سالوں کے سفر میں بہت سے لوگ ہیں جنہیں میں نے دیکھا اور سیکھا۔ میرا تعلق ملیالم فلموں سے ہے، میری والدہ ملیالی ہیں، اس لیے میں نے ملیالم فلموں کے ساتھ ہی اپنی پرورش پائی۔ مجھے یاد ہے کہ میں اُن فنکاروں کو بہت آئیڈلائز کیا کرتی تھی۔ لیکن اگر آپ پوچھیں کہ میری زندگی کا سب سے پسندیدہ شخص کون ہے تو وہ میرا بیٹا ہے۔ وہ میری سب سے بڑی پسند ہے۔
اس سے پہلے، پنک ولا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں، ملائکہ نے ارباز خان سے طلاق کے بارے میں کھل کر بات کی۔ انہوں نے کہا تھا کہ یقیناً میں چاہتی تھی کہ میری شادی ہمیشہ قائم رہے۔ لیکن ایسا نہیں ہو سکا۔ اس کا یہ مطلب نہیں کہ میں نے محبت پر یقین کھو دیا ہے یا میں نے کوئی بڑی غلطی کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بالی وڈ اداکار ارباز خان کی دوسری بیوی شوریٰ خان کون ہے؟
مزید وضاحت کرتے ہوئے ملائکہ نے کہا کہ لوگ بھول جاتے ہیں کہ خود کو اہمیت دینا بھی ضروری ہے۔ مجھے خوش رہنے کی ضرورت تھی، تاکہ میں کسی اور کو خوش رکھ سکوں۔ میں خود خوش نہیں تھی، اور لوگوں نے کہا، ’کتنا خودغرض فیصلہ ہے‘۔ لیکن میں نے وہی کیا جو مجھے صحیح لگا۔ آج مجھے لگتا ہے کہ یہ فیصلہ مجھے ایک بہتر انسان بنانے میں مددگار ثابت ہوا۔
ملائکہ اور ارباز کی پہلی ملاقات ایک کافی کے اشتہار کی شوٹنگ کے دوران ہوئی تھی، جہاں دونوں کے درمیان جلد ہی گہری دوستی ہو گئی۔ انہوں نے 1998 میں شادی کی اور 2002 میں ان کے بیٹے ارہان کی پیدائش ہوئی۔ 18 سال تک ساتھ رہنے کے بعد، دونوں 2016 میں علیحدہ ہو گئے اور 2017 میں باضابطہ طور پر طلاق ہو گئی۔
یہ بھی پڑھیں: ملائکہ اروڑا پھر سے دلہن بننے کو تیار؟ دوسری شادی کی خواہش ظاہر کر دی
طلاق کے بعد بھی دونوں اپنے بیٹے کی مشترکہ پرورش کر رہے ہیں۔ ملائکہ کا نام بعد میں اداکار ارجن کپور کے ساتھ جوڑا گیا، جبکہ ارباز نے میک اپ آرٹسٹ شوری خان کے ساتھ نئی زندگی کا آغاز کیا۔














