پاک فضائیہ کے دستے فضائی مشق اناطولین ایگل 2023 میں کامیاب شرکت کے بعد وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔ بین الاقوامی فلائٹ ٹیکٹیکل مشق اناطولین ایگل 2023 ترکیہ کے شہر قونیہ میں منعقد ہوئی۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ایئر مارشل عرفان احمد، ڈپٹی چیف آف دی ایئر اسٹاف (پروجیکٹس) نے مشق کی اختتامی تقریب میں شرکت کی۔ ایئر مارشل عرفان احمد نے مشق کو کامیاب بنانے پر پاک فضائیہ کے دستے کی کاوشوں کو سراہا، اور مشق کے پیشہ ورانہ اور بہترین انعقاد پر پاک فضائیہ کے ایئر اور گراؤنڈ عملے کی صلاحیتوں کی تعریف کی۔
مشق اناطولین ایگل 2023 کا مقصد حقیقت پسندانہ اور عصر حاضر کے فضائی جنگی حالات کے پیش نظر مشترکہ کارروائیوں کو جانچنا ہے۔ ایئر مارشل عرفان احمد نے کہا موجودہ عالمی سلامتی کی صورتحال اور فضائی جنگ کے نئے ابھرتے ہوئے تصورات پاکستان اور دوست ممالک کے درمیان بہتر شراکت داری کے متقاضی ہیں۔

ان کا کہنا تھا عالمی سلامتی کے ماحول میں بڑھتی ہوئی پیچیدگی کے پیشِ نظر بین الاقوامی اور علاقائی تزویراتی صورتحال گہری تبدیلیوں سے گزر رہی ہے، یہ مشقیں مشترکہ چیلنجز کے پیشِ نظر باہمی تعاون کو فروغ دینے کا موقع فراہم کرتی ہیں۔
ڈپٹی چیف آف دی ایئر اسٹاف (پروجیکٹس) نے ایک اور کامیاب بین الاقوامی فضائی مشق کے انعقاد پر ترک فضائیہ کو مبارکباد بھی دی۔ کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کی فضائی افواج کے مابین لازوال دوستانہ تعلقات کی ایک طویل تاریخ رقم ہے۔
ایئر مارشل عرفان احمد کا کہنا تھا مشق میں شریک فضائی افواج کے کامبیٹ کریو کو ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کے ساتھ ساتھ باہمی تعاون کو فروغ دینے کا موقع ملا، مشق میں پاک فضائیہ کی کامیاب شرکت، پاک فضائیہ کی جانب سے عسکری ماحول کی تازہ ترین پیشرفت کے تناظر میں اہلکاروں کی آپریشنل تربیت اور مہارت کی عکاس ہے۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق اناطولین ایگل 2023 کے دوران پاک فضائیہ کے ماہر پائلٹس نے ترکیہ، آذربائیجان، قطر، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور برطانیہ کے فضائی عملے کے مدِ مقابل اپنی صلاحیتوں اور پیشہ ورانہ مہارت کے جوہر دکھائے۔