امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ اس ہفتے کے آخر میں مصر کا دورہ کر سکتے ہیں، جہاں امریکی مذاکرات کار غزہ میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی سے متعلق معاہدے کو حتمی شکل دینے میں مصروف ہیں۔
صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معاہدہ قریباً طے پا چکا ہے اور ممکن ہے کہ وہ ہفتے کے روز مشرقِ وسطیٰ روانہ ہوں۔ انہوں نے بتایا کہ مذاکرات مصر میں جاری ہیں اور جلد پیشرفت متوقع ہے۔
مزید پڑھیں: غزہ جنگ بندی مذاکرات مثبت سمت میں، مصری صدر کی ٹرمپ کو قاہرہ آنے کی دعوت
گفتگو کے دوران امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو کمرے میں داخل ہوئے اور صدر ٹرمپ کو ایک نوٹ دیا۔ ٹرمپ نے اسے پڑھ کر بتایا کہ مجھے ابھی وزیرِ خارجہ کی جانب سے نوٹ ملا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ہم مشرقِ وسطیٰ میں معاہدے کے بہت قریب ہیں، اور انہیں میری فوری ضرورت ہے۔
بعد ازاں وائٹ ہاؤس نے وضاحت کی کہ صدر ممکنہ طور پر جمعے کو اپنا سالانہ طبی معائنہ مکمل کرنے کے بعد خطے کا دورہ کریں گے۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق اس نوٹ میں لکھا تھا کہ آپ کو جلد از جلد ٹروتھ سوشل پر پوسٹ کی منظوری دینا ہوگی تاکہ آپ معاہدے کا اعلان سب سے پہلے کر سکیں۔
مزید پڑھیں: سعودی کابینہ کیجانب سے صدر ٹرمپ کے غزہ امن منصوبے کے اقدامات کا خیر مقدم
صدر ٹرمپ نے کہا کہ مجھے اب جانا ہوگا تاکہ مشرقِ وسطیٰ کے کچھ مسائل حل کر سکوں۔
ذرائع کے مطابق امریکی، مصری اور قطری مذاکرات کار اس وقت غزہ میں یرغمالیوں کی رہائی اور جنگ بندی کے حتمی نکات پر بات چیت کر رہے ہیں۔