وزیر دفاع خواجہ آصف نے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے غزہ مارچ پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب غزہ میں 2 سال تک ظلم کے پہاڑ ٹوٹ رہے تھے، بچے شہید ہو رہے تھے اور دنیا بھر میں لوگ احتجاج کر رہے تھے تب پاکستان میں بعض افراد کو شاید خبر ہی نہیں تھی۔
سماجی رابطے کی سائٹ ’ایکس‘ پر ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ اب جبکہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کا معاہدہ طے پا چکا ہے اور لڑائی بند ہو چکی ہے، تو یہی افراد جی ٹی روڈ پر جلوس نکال کر اسلام آباد کی جانب مارچ کررہے ہیں۔
دو سال غزہ کے باسیوں پہ ظلم کے پہاڑ ٹوٹ رہے تھے بچوں کا قتل عام جاری تھا ساری دنیا کی عوام احتجاج کر رہی تھی جن میں بہت بڑی تعداد اور اکثریت غیر مسلم ممالک کے باسیوں کے تھی۔ پاکستان میں بعض فلسطین پہ جان قربان کے خواھش مندوں کو شاید اطلاع نہیں تھی اب جب جنگ بندی کے معاھدے پہ… pic.twitter.com/Ko5ODwLznU
— Khawaja M. Asif (@KhawajaMAsif) October 11, 2025
خواجہ آصف نے کہاکہ یہ زیادتی ہے کہ کسی نے انہیں بتایا نہیں کہ جنگ ختم ہو گئی ہے۔
واضح رہے کہ تحریک لبیک پاکستان لاہور سے اسلام آباد کی جانب غزہ مارچ کررہی ہے، جس کے پیش نظر سیکیورٹی اداروں نے ناکہ بندی کر رکھی ہے۔
تحریک لبیک پاکستان کے احتجاج کے پیش نظر راستوں کی بندش کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
عوام کی جانب سے تحریک لبیک پاکستان سے مطالبہ کیا جارہا ہے کہ اب غزہ میں امن ہونے جا رہا ہے، اس لیے آپ بھی احتجاج ختم کرکے واپس چلے جائیں، اور ملک میں انتشار نہ پھیلایا جائے۔














