افغانستان کے ساتھ ہونے والی کشیدگی کے دوران شہید ہونے والے پاک فوج کے 12 جوانوں کی نماز جنازہ راولپنڈی میں ادا کر دی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق نماز جنازہ چکلالہ گیریژن میں ادا کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: پاک افغان تعلقات میں تناؤ، بابر خان خٹک کا نغمہ ’نمک حرام‘ سوشل میڈیا پر وائرل
نمازِ جنازہ میں فیلڈ مارشل عاصم منیر، وفاقی وزرا، گورنر خیبرپختونخوا، سول و عسکری حکام اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہاکہ پاکستان کے عوام ان بہادر سپوتوں کی عظیم قربانیوں کے ہمیشہ مقروض رہیں گے۔
خواجہ آصف نے کہاکہ ہمارے بہادر سپوتوں نے افغان سرزمین سے جارحیت کرنے والوں کو بھرپور جواب دیتے ہوئے علاقائی سالمیت کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
وزیرِ دفاع نے مزید کہاکہ پاکستان کی مسلح افواج قوم کی مکمل حمایت کے ساتھ وطنِ عزیز کے خلاف ہر قسم کی جارحیت اور سازش کو ناکام بنانے کے لیے پُرعزم ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: چمن: پاک افغان سرحد پر مہاجرین کا انخلا جاری، تجارتی سرگرمیاں دوسرے روز بھی معطل
واضح رہے کہ افغانستان کی جانب سے پاکستان کے خلاف جارحیت کا پاک فوج نے بھرپور جواب دیا ہے، جس میں 200 سے زیادہ افغان فوجی اور خارجی دہشتگرد ہلاک ہوئے۔ جبکہ اس دوران وطن کے 23 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔














