لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں جنوبی افریقہ کے خلاف 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کی فتح کے ساتھ ہی قومی ٹیم کے اسپنر نعمان علی نے سابق لیجنڈری اسپنر عبدالقادر کا 37 سالہ ریکارڈ توڑ دیا۔
تفصیلات کے مطابق نعمان علی نے گزشتہ 5 ٹیسٹ میچوں کے دوران سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے پاکستانی بالر بننے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ جاری، نعمان علی پانچویں پوزیشن پر آگئے
انہوں نے اپنے 16ویں سے 20ویں ٹیسٹ میچ تک کے دوران 46 وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل عبدالقادر نے 1987 سے 1988 کے درمیان اپنے 48ویں سے 52ویں ٹیسٹ میچوں میں 44 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
نعمان علی گزشتہ 12 ماہ کے دوران دنیا کے سب سے کامیاب اسپنر بھی قرار پائے ہیں۔ انہوں نے لاہور ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ کے خلاف پہلی اننگز میں 6 اور دوسری میں 4 یعنی کل10 وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں انہوں نے پہلے ٹیسٹ میں 6 اور دوسرے میں 10 وکٹیں حاصل کی تھیں، جبکہ انگلینڈ کے خلاف ملتان ٹیسٹ میں 11 اور راولپنڈی ٹیسٹ میں 9 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
یہ بھی پڑھیے: جنوبی افریقہ کو شکست دے کر پاکستان نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ میں دوسری پوزیشن حاصل کرلی
یہ بھی قابل ذکر ہے کہ نعمان علی نے گزشتہ روز میچ کے تیسرے دن ایک اور تاریخی کارنامہ انجام دیا جب انہوں نے سابق اسپنر اقبال قاسم کا 37 سال پرانا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔
39 سالہ نعمان علی نے جنوبی افریقہ کی پہلی اننگز میں 6 وکٹیں حاصل کر کے اپنے ٹیسٹ کیریئر میں 9یں مرتبہ 5 یا اس سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز حاصل کیا، یوں وہ پاکستان کے کامیاب ترین لیفٹ آرم اسپنر بن گئے ہیں جنہوں نے سب سے زیادہ مرتبہ ایک اننگز میں 5 یا زائد وکٹیں حاصل کیں۔













