قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی وکٹ کیپر سدرہ نواز نے ویمنز ورلڈ کپ کے دوران مسلسل بارشوں پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
سدرہ نواز نے جنوبی افریقہ کے خلاف شکست کے بعد پریس کانفرنس میں کہا کہ مسلسل بارش نے ٹیم کی کارکردگی اور ردھم کو متاثر کیا، یہ ہمارے لیے بہت مایوس کن صورتحال تھی، ہم نے اپنے تمام میچز یہی کھیلے ہیں اور تقریباً گزشتہ 3 سے 4 میچز میں بارش ہی بارش ہو رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ: انگلینڈ نے بھارت کو شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی
انہوں نے کہا کہ پہلے اوور میں ہی ہمیں وکٹ ملی، لیکن اسی وقت بارش شروع ہوگئی، کھلاڑیوں کو دوبارہ میدان میں آکر وارم اپ کرنا پڑا جو انتہائی مشکل ہوتا ہے۔
سدرہ نواز نے مزید کہا کہ بارش کی وجہ سے بولرز اور بیٹرز دونوں کو مشکلات پیش آئیں، لیکن یہ چیز ہمارے کنٹرول میں نہیں، اب ہماری توجہ اگلے میچ پر ہے۔
واضح رہے کہ کولمبو میں جاری مسلسل بارشوں کے باعث پاکستان کے انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے خلاف میچز بھی منسوخ ہوچکے ہیں، جس سے ٹیم کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات ختم ہوگئے۔
یہ بھی پڑھیں: ویمنز ورلڈ کپ: جنوبی افریقہ کے خلاف پاکستان کو 150 رنز سے شکست، مقابلے سے بھی باہر
جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں پاکستان کو ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت 150 رنز سے شکست ہوئی۔ پروٹیز کی کھلاڑی مریزانے کیپ کو شاندار کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
پاکستان ویمنز اپنے آخری گروپ میچ میں ہفتے کو میزبان سری لنکا کے خلاف میدان میں اتریں گیں۔













