بلوچستان کے علاقہ چاغی میں لیویز نے کوئٹہ کی طرف جانے والے ٹرک پر چھاپہ مار کر درسی کتب کی 19 بوریاں برآمد کرکے، اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی، بوریاں برآمد کر کے ڈرائیور سمیت 3 افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر چاغی حسین جان بلوچ کے مطابق دالبندین میں لیویز نے ایک ٹرک پر چھاپہ مارا تو اس میں اسکریپ کے نیچے چھپائی گئی درسی کتب کی 19 بوریاں برآمد کر لیں۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق یہ درسی کتب دالبندین سے کوئٹہ لے جائی جارہی تھیں۔ برآمد کی گئی کتب محکمہ تعلیم کی ہیں جو رواں سال طالب علموں کو مفت دینے کے لیے فراہم کی گئی تھیں۔
مزید پڑھیں
حسین جان بلوچ کے مطابق کارروائی کے دوران ٹرک ڈرائیور سمیت 3افراد کو حراست میں لے لیا گیا جبکہ اسسٹنٹ کمشنر دالبندین کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔
’کمیٹی کو ایک روز میں اپنی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔‘
ڈپٹی کمشنر کے مطابق حراست میں لیے گئے شخص نے بتایا کہ اس نے ردی کے گودام سے 600 کلو درسی کتب 20 روپے کلو کے حساب سے خریدی ہیں۔
















