اسلام آباد پولیس نے مارگلہ روڈ پر شاہین چوک انڈر پاس کی تعمیر کے باعث متبادل ٹریفک پلان جاری کردیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں شاہین چوک انڈرپاس پروجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق مارگلہ روڈ پر انڈرکنسٹرکشن شاہین چوک کے باعث 25 اکتوبر 2025 کو شام 4 بجے سے 7 بجے تک خصوصی ٹریفک ڈائیورشن پلان ترتیب دیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ای 11 سے ڈی سی آئی روڈ موڑ کے ذریعے ایف 10 سروس روڈ استعمال کرتے ہوئے جناح ایونیو کی طرف جائیں۔

نائنتھ ایونیو سے مارگلہ روڈ جانے والے ڈرائیور ایف 9 پارک کے گیٹ نمبر 5 سے دائیں ہو کر ایف 8 پارک روڈ استعمال کریں۔
مارگلہ روڈ سے ایف 10 جانے والے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ فیصل چوک سے بائیں مڑ کر جناح ایونیو اختیار کریں، یا پھر پی این ظفر چوک (ایف 8، علی میڈیکل سینٹر) سے پارک روڈ کے ذریعے جناح ایونیو یا نائنتھ ایونیو کا راستہ استعمال کریں۔

اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق اہلکار شہر میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے موجود رہیں گے، جبکہ شہریوں سے درخواست ہے کہ ڈائیورشن کے دوران تعاون کریں۔
شہریوں کو ٹریفک اپ ڈیٹ یا ایمرجنسی کی صورت میں 15 یا 1915 پر رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔













