عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی نے امریکی کلب انٹر میامی کے ساتھ 2028 سیزن کے اختتام تک نیا معاہدہ کر لیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: لیونل میسی نے فیفا پلیئر آف دی ایئر کا ایوارڈ تیسری مرتبہ اپنے نام کرلیا
انٹر میامی نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو جاری کی جس میں وہ نئے فریڈم پارک اسٹیڈیم کے وسط میں میز پر بیٹھے معاہدے پر دستخط کرتے دکھائی دے رہے ہیں، ویڈیو کے ساتھ صرف یہی تحریر تھی: He’s Home۔
لیونل میسی نے بیان میں کہا کہ میامی میں رہنا اور اس خواب کو جاری رکھنا ان کے لیے باعثِ خوشی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب سے وہ میامی آئے ہیں، وہ بہت خوش ہیں اور یہاں اپنا سفر جاری رکھنے پر واقعی مطمئن ہیں۔
HE’S HOME. pic.twitter.com/AUMJJYR5pF
— Inter Miami CF (@InterMiamiCF) October 23, 2025
انٹر میامی کے شریک مالک ڈیوڈ بیکہم نے کہا کہ میسی کا معاہدہ ان کے شہر، کلب اور کھیل کے ساتھ عزم کو ظاہر کرتا ہے۔ ان کے بقول میسی آج بھی جیتنے کے لیے اتنے ہی پُرعزم ہیں جتنے پہلے تھے۔ ایسے کھلاڑی کا ہمارے ساتھ ہونا ہمارے لیے اعزاز ہے جس نے کھیل کے لیے اتنا کچھ کیا اور نوجوان نسل کو متاثر کیا۔
میسی کا موجودہ معاہدہ 2025 کے اختتام پر ختم ہونا تھا، تاہم یہ نیا معاہدہ انہیں 2026 میں امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں ہونے والے ورلڈ کپ کے بعد بھی ایکشن میں رکھے گا۔
یہ بھی پڑھیں: میسی ایک سیکنڈ میں چار ہزار روپے کما سکتے ہیں؟
میسی نے 2023 میں پیرس سینٹ جرمین چھوڑ کر انٹر میامی کو جوائن کیا تھا اور ان کی آمد کے بعد لیگ میں نیا جوش و خروش پیدا ہوا، جس سے ٹکٹوں کی فروخت اور اسٹیڈیم حاضری کے ریکارڈ ٹوٹ گئے۔
ایم ایل ایس کمشنر ڈان گاربر نے کہا کہ “جب لیونل میسی نے ایم ایل ایس کو اپنی لیگ کے طور پر چنا، تو یہ لمحہ شمالی امریکا میں فٹبال کی تاریخ کا موڑ بن گیا۔”
میسی نے اپنے شاندار کیریئر کا زیادہ تر حصہ بارسلونا کے ساتھ گزارا، جہاں انہوں نے 2004 سے 2021 تک کھیلتے ہوئے 10 بار لا لیگا اور 4 بار یوئیفا چیمپئنز لیگ کے ٹائٹل جیتے۔
یہ بھی پڑھیں: اسٹار فٹ بالر لیونل میسی نے فرانسیسی کلب پی ایس جی کو خیرباد کہہ دیا
انہوں نے 2022 میں قطر میں ارجنٹینا کو ورلڈ کپ جتوایا اور دو بار کوپا امریکا (2021 اور 2024) بھی اپنے نام کی۔ میسی اب تک 114 بین الاقوامی گول کر چکے ہیں اور وہ چھٹا ورلڈ کپ کھیلنے والے پہلے کھلاڑی بننے کے قریب ہیں۔
2024 کے سیزن میں میسی کو ایم ایل ایس کا سب سے قیمتی کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ 2025 میں وہ لیگ کی تاریخ میں سب سے تیز 40 گول کرنے والے کھلاڑی بن گئے۔ اس سیزن میں انہوں نے 28 میچوں میں 29 گول کیے اور گولڈن بوٹ ایوارڈ اپنے نام کیا۔














