بھارتی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئے ہیں۔ آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز کے دوران نوآموز فاسٹ بولر ہرشِت رانا پر ان کے سخت رویے نے سلیکشن پر پہلے سے جاری بحث کو مزید منفی موڑ دے دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ایشیا کپ ٹرافی تنازع شدت اختیار کر گیا، محسن نقوی کی ویڈیو پر بھارت برہم
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گمبھیر نے ہرشِت کو دو ٹوک انداز میں کہا کہ ’پرفارم کر، ورنہ باہر بٹھا دوں گا‘۔
یہ جملہ نہ صرف ڈریسنگ روم کے ماحول کی جھلک دکھاتا ہے بلکہ یہ تاثر بھی ابھر رہا ہے کہ ٹیم انڈیا کے اندر دباؤ اور عدم اعتماد بڑھتا جا رہا ہے۔

ہرشِت رانا، جسے کئی سابق کرکٹرز نے گمبھیر کا پسندیدہ کھلاڑی قرار دیا تھا، حالیہ سلیکشن کے بعد اقربا پروری کے الزامات کی زد میں ہیں۔ حیران کن طور پر انہیں سڈنی کے تیسرے ون ڈے میں ارشدیپ سنگھ پر ترجیح دی گئی، جس پر کئی ماہرین نے سوال اٹھائے۔
ہرشِت کے کوچ شروان کمار کے مطابق گمبھیر نے فون پر انہیں سخت لہجے میں تنبیہ کی۔
یہ بھی پڑھیں:ایشیا کپ ٹرافی بھارتی بورڈ کو دبئی آکر لینا ہوگی، اے سی سی کا دو ٹوک مؤقف
شروان نے انکشاف کیا کہ گمبھیر نے صاف کہا کہ اگر پرفارم نہیں کرو گے تو باہر بیٹھو گے۔ وہ کسی کو نہیں بخشتے۔
ہرشِت نے البتہ تیسرے ون ڈے میں 39 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کر کے کچھ ناقدین کے منہ بند کیے، مگر اس کے باوجود سلیکشن پر اٹھنے والے سوالات تھم نہیں رہے۔

بھارت کے سابق کرکٹر کرس شری کانتھ نے بھی رانا کی شمولیت پر تنقید کی تھی، جس پر شروان کمار نے شدید ردعمل ظاہر کیا۔
مبصرین کا کہنا ہے کہ گمبھیر کا جارحانہ رویہ اور سلیکشن میں جانبداری کے تاثر نے ٹیم انڈیا کے ماحول کو کشیدہ بنا دیا ہے، اور اگر یہی سلسلہ جاری رہا تو یہ تنازع ڈریسنگ روم سے میدان تک جا سکتا ہے۔













