پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے ساتھ انٹر نیٹ کی غیر قانونی سروسز کی فراہمی کے خاتمے کے حوالے سے جاری مسلسل اقدامات کے نتیجے میں متعدد کامیاب چھاپے مارے۔
پی ٹی اے کی پریس ریلیز کے مطابق لاہور کے مسلم ٹاؤن اور ملتان روڈ پر 2 چھاپوں کے دوران غیر قانونی آئی ایس پیز کا سامان ضبط کر لیا گیا۔
اس کے علاوہ راولپنڈی میں ایک انفورسمنٹ ایکشن شروع کیا گیا جس کے نتیجے میں ایک انٹرنیٹ سروس پرووائیڈرکو بلاک کیا گیا جو لائسنس کا دورانیہ ختم ہونے کے بعد بھی کام کر رہی تھی۔
انٹر نیٹ کی غیر قانونی طور پر سروسز کی روک تھام کے حوالے سے کامیاب کوششیں پی ٹی اے کے عزم، مسلسل نگرانی اور غیر قانونی انٹرنیٹ سروسز کو روکنے کے حوالے سے جاری مسلسل کوششوں کو ظاہر کرتی ہیں۔
یہ اقدامات ٹیکس چوری اور ریونیو کی غلط رپورٹنگ کی روک تھام اور قومی خزانے کو پہنچنے والے نقصانات کی تلافی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
پی ٹی اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ صرف پی ٹی اے کے لائسنس یافتہ آپریٹر وں سے ٹیلی کام خدمات کے حصول کو ممکن بنائیں تاکہ سروس کی اچانک معطلی سے بچا جا سکے۔