پاکستان کے اسٹار بلےباز بابر اعظم نے جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹی20 میچ میں شاہد آفریدی کا ایک ناپسندیدہ ریکارڈ برابر کر دیا۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں منگل کے روز کھیلے گئے میچ میں بابر اعظم، جو تقریباً ایک سال بعد ٹی20 فارمیٹ میں واپس آئے تھے، کوریبن بوش کی صرف دوسری گیند پر صفر پر آؤٹ ہوگئے۔ اس طرح انہوں نے اپنے کیریئر کی 8ویں ٹی20 انٹرنیشنل اننگز میں صفر حاصل کیا، جو کہ شاہد آفریدی کے برابر ہے۔
یہ بھی پڑھیے: پاکستانی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت، جنوبی افریقہ نے پہلے ٹی20 میں 55 رنز سے شکست دیدی
ٹی20 انٹرنیشنل میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ صفر پر آؤٹ ہونے والوں میں عمر اکمل 10 بار کے ساتھ پہلے، صائم ایوب 9 بار کے ساتھ دوسرے، جب کہ بابر اعظم اور شاہد آفریدی 8، اور کامران اکمل اور محمد حفیظ 7 بار صفر پر آؤٹ ہوئے ہیں۔
میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 55 رنز سے شکست دی۔ مہمان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 195 رنز کا ہدف دیا، جس کے جواب میں پاکستان کی ٹیم 139 رنز پر 18.1 اوورز میں آؤٹ ہوگئی۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے ریزا ہینڈرکس نے 40 گیندوں پر 60 رنز بنائے، جب کہ جارج لنڈے نے 22 گیندوں پر 36 رنز کی تیز اننگز کھیلی۔ پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے 4 اوورز میں 26 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں، جب کہ صائم ایوب نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
یہ بھی پڑھیے: کسی بھی ٹیم کو ہرانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، سلمان آغا جنوبی افریقہ کے خلاف پرامید
جواب میں پاکستان کے لیے صائم ایوب 37، محمد نواز 36 اور صہیبزادہ فرحان 24 رنز بنا سکے۔ جنوبی افریقہ کے کوریبن بوش نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں، جب کہ جارج لنڈے نے 3 اور ولیئمز نے 2 وکٹیں لیں۔













