اسلام آباد میں ٹریفک پولیس اہلکاروں سے جھگڑا کرنے اور ہلڑبازی کے الزام میں ایک نوجوان کو گرفتار کر لیا گیا۔
واقعہ گزشتہ رات آئی-8 مرکز میں پیش آیا، جہاں ملزم نے پولیس اہلکاروں پر تشدد کیا اور بدکلامی کی۔

اسلام آباد پولیس کے مطابق، نوجوان کی اہلکاروں سے تکرار اور تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جس میں اسے پولیس سے الجھتے اور گالم گلوچ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد پولیس کے سینیئر افسر نے گولی مار کر اپنی جان لے لی
ویڈیو میں ملزم کو جھگڑے کے بعد گاڑی میں بیٹھ کر موقع سے فرار ہوتے بھی دکھایا گیا۔ پولیس نے ویڈیو شواہد کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے تھانہ آئی-9 کی حدود سے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
حکام کے مطابق، ملزم کی گاڑی بھی تحویل میں لے لی گئی ہے، اور اس کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔













