سعودی عرب میں ڈیجیٹل گورنمنٹ فورم 2025 کا آغاز ریاض میں شاندار انداز میں ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: مدینہ منورہ اور ریاض یونیسکو کے تخلیقی شہروں کی فہرست میں شامل
سعودی گزٹ کے مطابق یہ فورم ڈیجیٹل گورنمنٹ اتھارٹی کے زیرِ اہتمام ’اب ہمارا مستقبل‘ کے نعرے کے تحت منعقد کیا جا رہا ہے۔
فورم کے چوتھے ایڈیشن میں 2 ہزار سے زائد مندوبین اور ماہرین شریک ہیں جن میں متعدد وزرا، عالمی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے سربراہان اور ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے رہنما شامل ہیں۔
ڈیجیٹل تبدیلی ہماری قومی ترجیح ہے، احمد الصویان
افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈیجیٹل گورنمنٹ اتھارٹی کے گورنر انجینیئر احمد بن محمد الصویان نے کہا کہ یہ فورم مملکت کی ڈیجیٹل تبدیلی کے سفر میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب نے گزشتہ برسوں میں عالمی ڈیجیٹل انڈیکیٹرز میں نمایاں ترقی کی ہے جو مختلف سرکاری اداروں کی کارکردگی اور تکنیکی اختراعات کا نتیجہ ہے۔
مزید پڑھیے: مِسک گلوبل فورم 19 اور 20 نومبر کو ریاض میں ہوگا
احمد الصویان نے کہا کہ مملکت ایک مربوط ڈیجیٹل مستقبل کی جانب بڑھ رہی ہے، جہاں اختراع اور مصنوعی ذہانت 2 بنیادی ستون ہیں اور یہی ہماری سرکاری کارکردگی بہتر بنانے اور شہریوں و رہائشیوں کے لیے خدمات کو جدید بنانے کا ذریعہ ہیں۔
ڈیجیٹل مواد کی کارکردگی میں نمایاں بہتری
فورم میں ڈیجیٹل کانٹینٹ ایفیشنسی انڈیکس 2025 کے نتائج بھی جاری کیے گئے جس کے مطابق مجموعی کارکردگی 76.24 فیصد رہی یہ اعداد و شمار 250 سرکاری ویب سائٹس کے معیار پر مبنی ہیں جو ڈیجیٹل کارکردگی میں اعلیٰ سطح کی نشاندہی کرتے ہیں۔
مزید پڑھیے: پی آئی اے کی ریاض ایئر کے ساتھ کارگو ڈیل، قومی ایئرلائن کو کیا فائدہ ہوگا؟
اس موقعے پر ڈیجیٹل گورنمنٹ ایوارڈ 2025 کے فاتحین کو اعزازات دیے گئے جبکہ انوویشن چیلنج ایکسیلیریٹر 2025 کے کامیاب شرکا کو بھی ان کی شاندار کاوشوں پر سراہا گیا۔
اختراعات، مصنوعی ذہانت اور نئی ٹیکنالوجی پر توجہ
فورم کے پہلے دن متعدد ورکشاپس اور پینل سیشنز منعقد کیے گئے جن میں سرکاری اختراع، مصنوعی ذہانت اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے کردار پر روشنی ڈالی گئی۔
ان سیشنز کا مقصد خدمات میں جدت اور صارف کے تجربے کو بہتر بنانا تھا۔
نمائش میں 40 سے زائد اداروں کی شرکت
فورم جمعرات کو بھی جاری رہے گا جس میں اعلیٰ قیادت کے سیشنز، مکالماتی نشستیں اور ایک بڑی ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن نمائش شامل ہے۔
اس نمائش میں 40 سے زائد سرکاری و نجی ادارے اپنی ڈیجیٹل پہل کاریوں، کامیابیوں اور مستقبل کے منصوبوں کو پیش کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: ریاض کانفرنس میں وزیراعظم شہباز شریف کی فٹبال اچھالنے کی دلچسپ ویڈیو وائرل
ڈیجیٹل گورنمنٹ فورم 2025 سعودی عرب کے اس وژن کی علامت ہے جس کے تحت مملکت جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے ذریعے گورننس کے نئے ماڈلز تشکیل دے رہی ہے، ایک ایسا نظام جو موثر، شفاف اور ڈیجیٹل طور پر مربوط ہے۔













