سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان حج 2026ء کے لیے انتظامات اور سہولیات سے متعلق باضابطہ معاہدہ طے پا گیا۔ سعودی نائب وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر عبد الفتاح بن سلیمان المشاط اور وفاقی سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر سید عطاء الرحمان نے گزشتہ شب جدہ میں حج معاہدے پر دستخط کیے۔
یہ بھی پڑھیے پاکستان میں آئندہ حج سستا ہونے کا امکان، سعودی کمپنی نے اخراجات میں کمی کر دی
دستخط کی تقریب میں پاکستان میں تعینات سعودی سفیر عزت مآب نواف بن سعید المالکی، ڈی جی حج جدہ عبدالوہاب سومرو، ڈائریکٹر حج مکہ مکرمہ عزیز اللہ خان، ڈائریکٹر حج مدینہ منورہ ضیاءالرحمان، ڈپٹی سیکرٹری حج پالیسی چوہدری کاشف حسین اور پرائیویٹ حج کمپنیوں کی نمائندہ تنظیم HOAP (ہوپ) کے عہدے داران شریک ہوئے۔
وفاقی سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر سید عطاء الرحمان نے ضیوف الرحمان کی مہمان نوازی اور سہولیات کی فراہمی کے لیے سعودی حکومت کی بہترین کاوشوں پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس کی طرح اس سال بھی پاکستانی حجاج کرام کو اعلیٰ معیار کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیے سعودی عرب میں حج 2026 کے لیے عازمین کی رہائش کا نیا لائسنسنگ سسٹم متعارف
انہوں نے مزید کہا کہ وزارتِ مذہبی امور سعودی حکومت کی ہدایات کے مطابق سرکاری اور پرائیویٹ حج اسکیموں کے انتظامات کو بروقت اور مؤثر طریقے سے مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔













