پنجاب حکومت نے کالجز میں سیکیورٹی کے سخت اقدامات کے لیے الرٹ جاری کیا ہے۔ محکمہ داخلہ کے حکم پر محکمہ ہائیر ایجوکیشن کو کالجز میں حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
سرکاری مراسلے کے مطابق کالجز کو متعدد اقدامات کرنے کا کہا گیا ہے۔ کالجز میں داخلے کے لیے ایک مرکزی گیٹ فعال ہوگا، جبکہ دیگر تمام دروازے بند رکھے جائیں گے۔ داخلے کے وقت تمام بیگز اور گاڑیوں کی جانچ کی جائے گی۔
مزید پڑھیں: پنجاب حکومت نے مینوئل اسلحہ لائسنس کی کمپیوٹرائزیشن اور توثیق کا عمل روک دیا
مراسلے کے مطابق داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈٹیکٹرز نصب کیے جائیں گے۔ طلبا اور عملے کو ہر وقت شناختی کارڈز ساتھ رکھنے ہوں گے۔ اسٹیکرز کے بغیر گاڑیوں کے داخلے پر پابندی ہوگی۔ طلبا کی تعداد کے مطابق سیکیورٹی عملہ بڑھایا جائے گا۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ کالجز کی سرحدی دیواروں پر خاردار تاریں نصب کی جائیں گی۔ رات کے اوقات میں کالجز کے احاطے میں روشنی کا انتظام کیا جائے گا۔ سی سی ٹی وی کیمرے تمام کالجز میں نصب کیے جائیں گے اور 24 گھنٹے فعال رہیں گے۔
مزید پڑھیں: پنجاب حکومت کا اسموگ سے نمٹنے کے لیے بڑا فیصلہ، مارکیٹوں کے اوقات کار تبدیل
مزید یہ کہ تمام عمارتوں میں آگ بجھانے کے آلات اور فائر الارمز نصب کیے جائیں گے۔ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اساتذہ اور طلبا کی ٹریننگ کرائی جائے گی۔
محکمہ ہائیر ایجوکیشن نے تمام کالجز کے پرنسپلز کو 7 روز کے اندر سیکیورٹی اقدامات کی رپورٹ جمع کروانے کی ہدایت بھی دی ہے۔














