چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف کا بنگلہ دیش کا سرکاری دورہ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا، جس کے دوران انہوں نے اعلیٰ عسکری قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں اور مختلف بحری تنصیبات کا دورہ کیا۔
اس دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات کو فروغ دینا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ عزم کو مزید مضبوط بنانا تھا۔
ایڈمرل نوید اشرف کا دورہ پی این ایس سیف کے چٹاگرام پورٹ کے قیام کے ساتھ منسلک تھا۔

دورے کے دوران انہوں نے بنگلہ دیش کے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل وقارالزمان، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل ایم نظم الحسن، چیف آف ایئراسٹاف ایئر چیف مارشل حسن محمود خان اور آرمڈ فورسز کے پرنسپل اسٹاف آفیسر لیفٹیننٹ جنرل ایس ایم قمر الحسن سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔
ملاقاتوں میں دفاعی اور بحری امور، خطے میں سیکیورٹی تعاون، اور باہمی دلچسپی کے پیشہ ورانہ معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں ممالک کی قیادت نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔

ایڈمرل نوید اشرف نے بنگلہ دیش کے نیشنل ڈیفنس کالج کا بھی دورہ کیا، جہاں انہیں ادارے کے مینڈیٹ اور تربیتی پروگراموں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر انہوں نے این ڈی سی کے صدر اور فیکلٹی ممبران سے بات چیت کی اور دفاعی تعلیم کے فروغ میں ادارے کے کردار کو سراہا۔
چٹاگرام میں بنگلہ دیش نیوی کے اعلیٰ حکام، بشمول کمانڈر چٹاگرام، کمانڈر نیوی فلیٹ اور ایریا سپرنٹنڈنٹ ڈاکیارڈ نے بھی نیول چیف سے ملاقاتیں کیں۔

ایڈمرل نوید اشرف نے بنگلہ دیش نیول اکیڈمی کا دورہ کرتے ہوئے وہاں کے اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار کو سراہا اور میری ٹائم شعبے میں جدید تعلیم و تربیت کی اہمیت پر زور دیا۔
دورے کے دوران چٹاگرام پورٹ پر پی این ایس سیف پر ایک خصوصی عشائیے کا اہتمام کیا گیا، جہاں سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف اور پاکستان کے ہائی کمشنر عمران حیدر نے بنگلہ دیش نیوی کے چیف آف دی نیول اسٹاف کا پرتپاک استقبال کیا۔

عشائیے میں دونوں ممالک کے سفارت کاروں، اعلیٰ عسکری حکام، اسکالرز، صحافیوں اور کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔
یہ دورہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان بحری تعلقات میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے اور توقع ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان میری ٹائم سیکیورٹی تعاون کو مزید تقویت ملے گی۔














