بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس نے یقین دلایا ہے کہ آئندہ سال کے اوائل میں ہونے والے عام انتخابات آزاد، منصفانہ اور شمولیتی ہوں گے۔
یہ یقین دہانی انہوں نے جمعرات کی شام ڈھاکا کے اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس جمنا میں برطانیہ کی وزیر برائے بین الاقوامی ترقی بیرونس جینی چیپ مین سے ملاقات کے دوران کرائی۔
انتخابات، ہجرت، تجارت اور روہنگیا بحران
دونوں رہنماؤں نے ملاقات میں کئی اہم امور پر گفتگو کی، جن میں آئندہ فروری کے عام انتخابات، غیرقانونی ہجرت، تجارت و سرمایہ کاری، روہنگیا بحران اور بحری و فضائی شعبوں میں تعاون کے امکانات شامل تھے۔
پروفیسر یونس نے کہا کہ قومی انتخابات فروری کے پہلے نصف میں وقتِ مقررہ پر ہوں گے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ ووٹر ٹرن آؤٹ زیادہ ہوگا کیونکہ گزشتہ 16 برسوں میں ہونے والے تین مبینہ طور پر دھاندلی زدہ انتخابات میں لاکھوں نوجوان ووٹ نہیں ڈال سکے۔
انہوں نے بتایا کہ عوامی لیگ انتخابات میں حصہ نہیں لے سکے گی کیونکہ جماعت کی سرگرمیاں دہشت گردی سے متعلق قوانین کے تحت معطل ہیں اور الیکشن کمیشن اسے رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کی فہرست سے خارج کر چکا ہے۔
چیف ایڈوائزر نے جولائی چارٹر کو ملک کے لیے ایک نئے آغازسے تعبیر کیا، جو ان لاکھوں افراد کی امنگوں کی نمائندگی کرتا ہے جنہوں نے گزشتہ برس جولائی اگست کی عوامی تحریک میں حصہ لیا۔
برطانوی وزیر کے تبصرے
بیرونس چیپ مین نے عبوری حکومت کے قیام کے بعد پروفیسر یونس کی قیادت کو سراہا اور قومی مفاہمتی کمیشن اور سیاسی جماعتوں کے درمیان جاری مذاکرات کا خیرمقدم کیا۔
انہوں نے متعدد ممالک کے شہریوں کی جانب سے برطانیہ کے اسائلم سسٹم کے غلط استعمال پر اظہارِ تشویش کیا اور محفوظ، قانونی اور منظم ہجرت پر زور دیا۔ پروفیسر یونس نے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت منظم لیبر مائیگریشن کو فروغ دینے اور استحصال روکنے کے لیے پرعزم ہے۔
روہنگیا بحران اور تجارتی تعاون
گفتگو کے دوران روہنگیا بحران بھی زیرِ غور آیا۔ پروفیسر یونس نے خبردار کیا کہ کیمپوں میں پروان چڑھنے والی نوجوان نسل کے لیے امید اور تعلیم کے مواقع فراہم کرنا ضروری ہے، ورنہ مایوسی میں خطرناک اضافہ ہو رہا ہے۔
دونوں رہنماؤں نے تجارتی روابط کو مضبوط بنانے کے امکانات پر بھی بات کی۔ چیف ایڈوائزر نے بتایا کہ بنگلہ دیش خلیجِ بنگال میں سمندری تحقیق کے لیے برطانیہ میں تیار کردہ ایک ریسرچ جہاز خرید رہا ہے۔ وزیر چیپ مین نے فضائی تعاون بڑھانے کی خواہش ظاہر کی اور بتایا کہ ایئربس انٹرنیشنل کے سربراہ جلد بنگلہ دیش کا دورہ کریں گے۔
ملاقات میں نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر ڈاکٹر خلیل الرحمان، ایس ڈی جی کوآرڈینیٹر لمیا مرشد اور برطانوی ہائی کمشنر سارہ کُوک بھی موجود تھیں۔














