سعودی عرب نے ریلی ڈاکار سعودی عرب 2026 کی ساتویں ایڈیشن کی تفصیلات کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ عالمی موٹر اسپورٹس ایونٹ 3 سے 17 جنوری 2026 تک مملکت کے مختلف خطّوں میں منعقد ہوگا۔
اعلان جدہ کے کورنیش سرکٹ میں ہونے والی پریس کانفرنس میں کیا گیا، جہاں ریلی کے نئے راستے سے بھی پردہ اٹھایا گیا۔ تقریب میں شہزادہ خالد بن سلطان العبدالله الفیصل کے ساتھ یونین کے بین الاقوامی نمائندوں اور وزارتِ کھیل کے افسران نے شرکت کی۔
’ہر ایڈیشن سعودی جذبے اور جدت کی نئی کہانی ہے‘، شہزادہ خالد بن سلطان
شہزادہ خالد بن سلطان العبداللہ الفیصل نے کہا کہ ریلی ڈاکار نہ صرف مملکت کے قدرتی حُسن کو دنیا کے سامنے پیش کرتی ہے بلکہ سعودی عرب کی کھیلوں کے میدان میں بڑھتی ہوئی عالمی شناخت کو بھی مضبوط کرتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈاکار 2026 کا نیا راستہ ساحلی ریت سے لے کر بلند پہاڑی سلسلوں تک سعودی عرب کے زمینی تنوع کو غیر معمولی انداز میں اجاگر کرے گا۔
یہ بھی پڑھیے سعودی عرب 2034 میں ’سب سے دلچسپ ورلڈ کپ‘ منعقد کرنے کے لیے پرعزم
انہوں نے سعودی ڈرائیور یزید الراجحی کو ’سعودی خواب کی عملی تعبیر‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیابیاں نوجوانوں کے لیے ترغیب کا باعث ہیں۔ پروگرام کا مقصد نئے ڈرائیورز اور نیوی گیٹرز کو تیار کر کے عالمی سطح کے مقابلوں میں نمایاں مقام دلانا ہے۔
812 مقابلہ باز — 69 ممالک — 7994 کلومیٹر کا سفر
جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق:
812 مقابلہ باز ریلی میں حصہ لیں گے
یہ مقابلہ باز 69 ممالک کی نمائندگی کریں گے
39 خواتین ڈرائیورز بھی شامل ہوں گی
ریلی کے لیے 433 گاڑیاں مختلف کیٹیگریز میں حصہ لیں گی
کل فاصلہ 7994 کلومیٹر ہوگا
جن میں سے 4840 کلومیٹر خصوصی ٹائمنگ مراحل ہوں گے
ریلی کا آغاز اور اختتام ساحلی شہر ينبع میں ہوگا، جب کہ راستہ العلا، حائل، ریاض، وادی الدواسر، بیشہ اور الحناکیہ سے گزرتا ہوا دوبارہ ينبع پہنچے گا۔
یزید الراجحی کو خراجِ تحسین، نوجوان ڈرائیور منتخب
پریس کانفرنس کے دوران سعودی ڈرائیور یزید الراجحی کو ڈاکار 2025 میں تاریخی سعودی فتح پر خصوصی خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: دنیا کا پہلا ’ اسکائی اسٹیڈیم‘: سعودی عرب 2034ء کے فٹبال ورلڈ کپ میں نئی تاریخ رقم کرنے کو تیار
مزید برآں، نوجوان ڈرائیور حمزہ باخشب اور عبداللہ الشقاوی کو ٹیلنٹ ڈیولپمنٹ پروگرام کے لیے منتخب کیے جانے کا اعلان کیا گیا، جس کا مقصد نئی موٹر اسپورٹس صلاحیتوں کی تیاری اور عالمی مقابلوں میں موثر شرکت ہے۔














