فیڈرل انویسٹیگیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کمپوزٹ سرکل لاڑکانo نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) کی رقوم میں غیر قانونی کٹوتیاں کرنے والے گروہ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
یہ بھی پڑھیں:بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے جعلی ٹریفک چالان تک، اسکیمرز شہریوں کو کیسے لوٹ رہے ہیں؟
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق چھاپہ بس اسٹینڈ لاڑکانہ پر مارا گیا، جہاں ملزمان عبدالطیف اور مظہر حیدر مستحق خواتین کو ملنے والی مالی امداد میں سے فی کس 1000 سے 1500 روپے غیر قانونی کمیشن کے طور پر کاٹ رہے تھے۔ دونوں ملزمان کو کمیشن وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔

کارروائی کے دوران ملزمان سے لاکھوں روپے نقدی، موبائل فونز، بینک کنیکٹ ڈیوائسز اور دیگر متعلقہ مواد برآمد کیا گیا۔ ایف آئی اے نے دونوں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:بینظیر انکم سپورٹ پروگرام لوگوں کو بھکاری بنارہا ہے، اس سے بچنا چاہیے، رانا مشہود
ترجمان کے مطابق نادرا اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے شہریوں کے واجبات میں کسی قسم کی بدعنوانی یا غیر قانونی کٹوتیوں میں ملوث افراد کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔














