کراچی کی خواتین کے لیے سندھ حکومت نے بڑی خوشخبری کا اعلان کردیا۔
سینیئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کے مطابق شہر میں پنک بس سروس کا نیا روٹ شروع کیا جا رہا ہے، جو 17 نومبر 2025 سے فعال ہوگا۔ یہ روٹ عبداللہ چوک سے نمائش تک مقرر کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: طالبات اور خواتین کے لیے پنک بسیں کہاں سے حاصل کی گئی ہیں؟
ان کا کہنا تھا کہ ابتدا میں یہ خواتین کے لیے مختص بسیں دن کے 3 اوقات میں چلیں گی۔
’صبح 8 سے 9 بجے، دوپہر ایک سے 2 بجے اور شام 5 سے 7 بجے۔ اس سروس میں سفر کرنے والی خواتین کے لیے آرام دہ ماحول، بہتر انتظام اور تحفظ کو اولین ترجیح دی جائے گی۔‘
شرجیل میمن نے وضاحت کی کہ کراچی جیسے بڑے شہر میں خواتین کو روزانہ سفر کے دوران جن مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے، نئی سروس ان مشکلات کو کم کرنے کا ذریعہ بنے گی۔ سندھ حکومت چاہتی ہے کہ خواتین بااعتماد طریقے سے اپنی تعلیم، ملازمت اور روزمرہ کام نمٹا سکیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ بسوں میں سیکیورٹی کارکن، ٹریکنگ سسٹم اور تربیت یافتہ عملہ موجود ہوگا جبکہ مستقبل میں اس سروس کو مزید علاقوں تک پھیلانے کا ارادہ بھی ہے۔
مزید پڑھیں: گلگت بلتستان: خواتین کے لیے پنک بس سروس میں مفت سفر ختم، اب کرایہ دینا پڑے گا
ان کے مطابق یہ منصوبہ خواتین کے لیے زیادہ محفوظ شہری ماحول کی طرف اہم قدم ہے اور صوبائی حکومت آئندہ بھی خواتین کی سہولت کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی۔














