حیدرآباد کے علاقے لطیف آباد نمبر 10 میں غیر قانونی آتش بازی کا سامان بنانے والے کارخانے میں دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور متعدد جھلس کر زخمی ہو گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق لغاری گوٹھ کے رہائشی علاقے میں ہونے والے اس دھماکے نے پورے علاقے کو ہلا کر رکھ دیا۔ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور آگ بجھانے کی کوششیں جاری ہیں۔
حیدرآباد کے علاقے لطیف آباد نمبر 10 میں پٹاخے کے کارخانہ میں زوردار دھماکا
ریسکیو حکام کے مطابق دھماکا غیر قانونی پٹاخوں کے کارخانے میں ہوا ہے جس میں 4 افراد جھلس گئے pic.twitter.com/jOIZOgwboB— BaqiR.kaXmi (@s_m_b_k_1) November 15, 2025
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ دھماکے اور آگ سے متاثرہ افراد کو ابتدائی طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے زخمیوں کو فوری اور معیاری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی اور اس حوالے سے رپورٹ طلب کر لی۔
انہوں نے کمشنر اور ڈپٹی کمشنر حیدرآباد سے فوری حقائق نامہ بھی طلب کیا اور فیکٹری میں حفاظتی انتظامات کا مکمل آڈٹ کرنے کی ہدایت دی۔
مراد علی شاہ نے واضح کیاکہ دھماکے کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور مزدوروں کے تحفظ میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔














