وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اب شہری اپنی گاڑیوں پر ایم ٹیگ لگوانے کے لیے 7 مختلف مقامات پر سہولت حاصل کر سکتے ہیں۔
شہری صبح 9 بجے سے رات 9 بجے تک اپنے قریبی پوائنٹ پر بغیر انتظار کیے ایم ٹیگ لگوا سکیں گے۔

ایم ٹیگ لگوانے کے لیے قائم کیے گئے پوائنٹس میں کچنار پارک سیکٹر آئی8، اسلام آباد کلب، لیک ویو پارک، گلبرگ گرینز، ایف 9 پارک، ترلئی اور 26 نمبر چنگی شامل ہیں۔
مزید برآں، شہری اسلام آباد ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے دفتر میں بھی دوپہر 3 بجے سے رات 9 بجے تک ایم ٹیگ کی سہولت سے مستفید ہو سکتے ہیں۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ایم ٹیگ کے بغیر کسی گاڑی کو اسلام آباد میں چلنے کی اجازت نہیں ہوگی اور اگلے مرحلے میں ایسے گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں کی جائیں گی۔
شہری اپنے قریبی پوائنٹس سے سہولت حاصل کر کے بغیر انتظار کے ایم ٹیگ لگوا سکتے ہیں۔














