امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر یہ دعویٰ دہرایا کہ انہوں نے بھارت اور پاکستان کے درمیان جنگ کو رکنے میں اہم کردار ادا کیا۔
اُنہوں نے یہ بات وائٹ ہاؤس میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے ساتھ دوطرفہ ملاقات کے دوران کہی۔
اوول آفس میں ہونے والی گفتگو کے دوران ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ اب تک 8 جنگیں روک چکے ہیں، اور مزید کہا کہ ایک اور باقی ہے، جو پوٹن کے ساتھ ہے۔
یہ بھی پڑھیے: پاکستان اور افغانستان کے درمیان جاری تنازع کو بہت جلد حل کر لیں گے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ
سعودی ولی عہد کے ساتھ ملاقات میں ٹرمپ نے عالمی تنازعات میں اپنی انتظامیہ کے کردار کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدہ صورتحال کے دوران اُن کی مداخلت نے خطے میں ممکنہ جنگ کو ٹالنے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
ٹرمپ کے اس تازہ بیان نے ایک بار پھر عالمی سیاسی حلقوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کردی ہے، جہاں ان کے اس دعوے پر ماضی میں بھی کئی سوالات اٹھتے رہے ہیں۔
اس سے قبل بھی انہوں نے متعدد بار مئی میں ہونے والی پاک بھارت جنگ بندی میں اپنے کردار کا ذکر کیا تھا۔














