وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اعلان کیا ہے کہ دسمبر تک 1100 الیکٹرک بسیں پنجاب کی سڑکوں پر دوڑتی نظر آئیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: بچے میری ریڈلائن، جنسی استحصال اور تشدد قبول نہیں، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز
راولپنڈی میں الیکٹرک بس پروجکیٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب میں گزشتہ ڈیڑھ برس میں جو ترقیاتی کام ہوئے ہیں ان کی ماضی میں کوئی نظیر نہیں ملتی۔
مریم نواز نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے اسکولوں کی تعمیر و آرائش پر بہت کام کیا ہے اور جلد ہی صوبے میں کوئی ایسا اسکول نہیں ہوگا جہاں بچوں کو باہر یا برآمدوں میں بیٹھ کر پڑھنا پڑے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسکولوں میں 50 ہزار نئے کمرے تعمیر کیے گئے ہیں۔
مزید پڑھیے: مریم نواز کی گرین ٹریکٹر اسکیم کے تحت 39 کسانوں میں ٹریکٹر تقسیم
انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے ملک کو میگا پروجیٹ دیے ہیں اور صوبے میں سڑکیں ہیں تو بسیں بھی چل رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر شہر میں سڑکوں کا جال بچھایا ہوا ہے اور جہاں تک کرایوں کا تعلق ہے تو بس میں 20 روپے سفر کیا جاسکتا ہے۔
اسکول میل پروگرام
انہوں نے بتایا کہ ’اسکول میل پروگرام‘ شروع کیا گیا ہے جس کے تحت کئی لاکھ بچوں کو روزانہ دودھ کا پیکٹ مفت فراہم کیا جا رہا ہے جبکہ اب تو کھانا بھی دینا شروع کیا گیا ہے جس کی وجہ سے اسکول میں بچوں کے داخلے بڑھ گئے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ کچھ سرکاری اسکول تو اتنے خوبصورت بنادیے گئے ہیں کہ ان کو دیکھ کر پرائیوٹ اسکولوں کا گمان ہوتا ہے۔
مزید ایک ہزار سڑکوں کی تعمیر
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے ٹھوس اقدامات کی وجہ سے کئی سال بعد پنجاب میں پہلی بار اسموگ میں 60 تا 70 فیصد کمی آئی ہے۔
مریم نواز نے بتایا کہ اب ہم بہت بڑے پروجیکٹ شروع کرنے والے ہیں جن میں دیہاتوں کو آپس میں جوڑنے کےت لیے ایک ہزار اندرونی سڑکیں تعمیر کی جا رہی ہیں اور یہ کام 6 ماہ میں مکمل کرلیا جائے گا۔














