بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان ایک بار پھر اپنے مقبول کردار چُلبل پانڈے کے روپ میں نظر آ سکتے ہیں، کیونکہ فلم ساز اور اداکار ارباز خان نے اس بات کی باضابطہ تصدیق کی ہے کہ ’دبنگ 4‘ پر کام جاری ہے۔
ارباز خان نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں بتایا کہ دبنگ فرنچائز کے چوتھے حصے کی تیاری جاری ہے، تاہم اس کی ریلیز کے حوالے سے کوئی حتمی ٹائم لائن طے نہیں کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ ’یہ پروجیکٹ فی الحال پائپ لائن میں ہے، لیکن اس کی تکمیل کے وقت کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا۔ ہم اس پر کام کر رہے ہیں، جلد بازی نہیں کریں گے۔ جب بھی بنے گا، دیکھنے والوں کے لیے خاص ہوگا‘۔
یہ بھی پڑھیں: سلمان خان اور شاہ رخ خان کا مستقبل کیا؟ ماہر نجوم کی حیران کن پیشگوئی
دبنگ سیریز کی پہلی فلم 2010 میں ریلیز ہوئی تھی، جس کے بعد دبنگ 2 کو 2012 میں ارباز خان نے خود ڈائریکٹ کیا۔ فرنچائز کی تیسری فلم دبنگ 3 2019 میں پربھو دیوا کی ہدایتکاری میں پیش کی گئی۔
سلمان خان، جو آئندہ ماہ اپنی 60ویں سالگرہ منانے والے ہیں اس وقت ریئلٹی شو بگ باس 19 کی میزبانی کررہے ہیں، جبکہ وہ اپنی نئی فلم ’بیٹل آف گالوان‘ میں بھی مصروف ہیں جسے اپوروا لاکھیا ڈائریکٹ کر رہے ہیں۔ فلم آئندہ سال ریلیز کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: گمراہ کن اشتہار کرنے کا الزام، بولی ووڈ ہیرو سلمان خان بڑی مشکل میں پھنس گئے
سلمان خان کے مداح دبنگ 3 کے بعد سے ہی ان کی ایک بار پھر چُلبل پانڈے کی شکل میں واپسی کا بےچینی سے انتظار کر رہے تھے، اور ارباز خان کے حالیہ بیان نے ان امیدوں کو مزید تقویت دے دی ہے۔











