امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ جمعے کے روز وائٹ ہاؤس کے اوول آفس میں نیویارک سٹی کے نومنتخب میئر ظہران ممدانی سے ملاقات کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا بڑا یوٹرن، میئر نیویارک ظہران ممدانی کی مدد کرنے کو تیار
یہ اعلان ٹرمپ نے بدھ کے روز اپنی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر کیا۔
ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ ’نیویارک سٹی کے کمیونسٹ میئر ظہران کوامے ممدانی نے ملاقات کی درخواست کی ہے۔ ہم نے اتفاق کیا ہے کہ یہ ملاقات 21 نومبر جمعہ کو اوول آفس میں ہوگی‘۔
پس منظر: نیویارک سٹی کا تاریخی انتخاب
ممدانی 4 نومبر کو ہونے والے میئر کے انتخاب میں کامیاب ہوئے تھے جہاں انہوں نے سابق گورنر اینڈریو کومو کو شکست دی۔ کومو نے ڈیموکریٹک نامزدگی کھونے کے بعد ٹرمپ کی حمایت کے ساتھ آزاد امیدوار کے طور پر الیکشن لڑا تھا۔
مزید پڑھیے: ٹرمپ اور نیویارک کے منتخب میئر ظہران ممدانی کی ملاقات کب ہوگی؟
ٹرمپ انتخابی مہم کے دوران ممدانی کے کھلے ناقد رہے ہیں اور خبردار کیا تھا کہ اگر وہ جیتے تو وفاقی فنڈز متاثر ہو سکتے ہیں۔ ٹرمپ نے اس دوران انہیں ’سنکی کمیونسٹ‘ بھی کہا تھا اور دعویٰ کیا تھا کہ ممدانی کو واشنگٹن سے تاریخی نوعیت کی مشکلات کا سامنا ہوگا۔
انہوں نے یہ دھمکی بھی دی تھی کہ اگر ممدانی نے وفاقی امیگریشن کریک ڈاؤن میں مداخلت کی تو گرفتاری عمل میں لائی جا سکتی ہے۔
ممدانی کی انتخابی مہم اور ردعمل
اپنی انتخابی مہم میں ممدانی نے خود کو سوشل ڈیموکریٹ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ٹرمپ کے دباؤ کے سامنے نہیں جھکیں گے۔ اپنی فتح کی تقریر میں انہوں نے ٹرمپ کو براہِ راست مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’سن لیجیے صدر ٹرمپ! ہم میں سے کسی تک پہنچنے کے لیے آپ کو ہم سب سے گزرنا ہوگا‘۔
ملاقات کی تصدیق
ممدانی کی ترجمان ڈورا پیکیک نے ایک بیان میں تصدیق کی کہ ملاقات شیڈول کر دی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: نیویارک میئر کے لیے امیدوار ظہران ممدانی اور امریکی صدر ٹرمپ آمنے سامنے
ترجمان کے مطابق نو منتخب میئر کی نئی انتظامیہ کے لیے یہ معمول کا عمل ہے کہ وہ صدر سے ملاقات کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نو منتخب میئر عوامی تحفظ، معاشی تحفظ اور افورڈیبلٹی کے ایجنڈے پر بات کریں گے جس کے لیے دس لاکھ سے زائد نیویارک والوں نے ووٹ دیا تھا۔
بدھ کی شب کو دیے گئے انٹرویو میں ممدانی نے کہا کہ انہوں نے واقعی وائٹ ہاؤس سے رابطہ کیا تاکہ ٹرمپ کے وہ وعدے زیر بحث لائے جائیں جو انہوں نے نیویارک کے عوام سے کیے تھے۔
وائٹ ہاؤس کا مؤقف
اتوار کے روز ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا تھا کہ ملاقات کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا تھا کہ ہم کچھ نہ کچھ طے کر لیں گے کیوں کہ ہم چاہتے ہیں کہ نیویارک کے لیے معاملات اچھے طریقے سے چلیں۔
یہ بھی پڑھیے: نیویارک میئر کے لیے نامزد امیدوار ظہران ممدانی نے ’روٹی، کپڑا اور مکان‘ کا نعرہ لگادیا
ملاقات جمعہ کو طے ہے جس میں نیویارک سٹی کے مستقبل سے متعلق کئی اہم معاملات زیر بحث آنے کی توقع ہے۔














