پنجاب کی وزیرِاعلیٰ مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ حالیہ ضمنی انتخابات دراصل ایک ریفرنڈم ثابت ہوئے جن میں مسلم لیگ (ن) کو واضح کامیابی حاصل ہوئی۔
وزرا کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ حیرت ہے کہ جب نتائج حق میں نہ آئیں تو اسے بائیکاٹ قرار دے دیا جاتا ہے۔ عالمی میڈیا اب یہ لکھ رہا ہے کہ ماضی میں پنجاب ’جادو ٹونے‘ پر چلایا جاتا تھا، مگر ایسے ہتھکنڈوں سے صرف وقتی فائدہ ہی مل سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: عام انتخابات کے مقابلے میں ضمنی انتخابات میں ن لیگ نے کتنے زائد ووٹ حاصل کیے؟
ہری پور کے ضمنی انتخاب پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام نے نواز شریف پر اعتماد کا اظہار کیا۔ مقبول رہنما کبھی الیکشن کا بائیکاٹ نہیں کرتے، کارکردگی سے بڑھ کر کوئی بیانیہ نہیں ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کو آج ملاقاتوں کے لیے ترس آ رہا ہے، پوری مسلم لیگ (ن) برسوں اسی رویے کا سامنا کرتی رہی ہے۔ میری 13 سال کی بیٹی سے ملاقات تک نہیں ہونے دی جاتی تھی، جبکہ مجھے والدہ کی وفات کی خبر بھی جیل میں ملی۔
یہ بھی پڑھیے: ضمنی انتخابات میں کامیابی، کیا ن لیگ اب پیپلز پارٹی کی محتاج نہیں رہی؟
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ نواز شریف نے بھی قید کے باوجود انتخابات کا بائیکاٹ نہیں کیا اور عوامی مینڈیٹ کا احترام کیا۔ پی ٹی آئی آج اپنے کیے کا نتیجہ بھگت رہی ہے، ملک پر حملہ کرنے والوں کو پھولوں کے ہار نہیں پہنائے جاتے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ تحریکِ انصاف نے سیاسی توڑ جوڑ کے ذریعے انتخابات جیتنے کی کوشش کی اور مخالفین کی پگڑیاں اچھالی گئیں، مگر خاموشی اختیار کی گئی۔ جس روز انہوں نے ریاست پر حملہ کیا، اُن کی زوال پذیری وہیں سے شروع ہوئی۔
خیبرپختونخوا کا ذکر کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ وہاں کرپشن کے انبار لگا دیے گئے، جبکہ صرف بیانیہ دینے سے عوام کا پیٹ نہیں بھرتا۔ خیبرپختونخوا کو برسوں صرف چور کے بیانیے پر چلایا گیا اور صوبہ پتھر کے دور میں دھکیل دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیے: پنجاب و خیبرپختونخوا کے ضمنی انتخابات، غیر حتمی نتائج میں ن لیگ کی مجموعی برتری
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی دور میں پوری ریاستی مشینری ہمارے خلاف کھڑی تھی، لیکن آج انہیں پنجاب میں بائیکاٹ اور خیبرپختونخوا میں بدترین شکست کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ’قیدی نمبر 804‘ کے نام پر الیکشن لڑا مگر ناکامی مقدر بنی۔ ضمنی انتخابات میں عوام نے مسلم لیگ (ن) کے بیانیے پر مہر لگائی۔ یہ فتح نواز شریف اور پنجاب اور خیبرپختونخوا کے عوام کے نام ہے۔












