پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کو ووٹروں کے بغیر الیکشن لڑنے کی عادت پڑ گئی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ عوام نے حالیہ ضمنی الیکشن کا بائیکاٹ کیا ہے۔
ایف آئی اے سنٹرل کورٹ لاہور میں منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر چودھری پرویز الٰہی عدالت میں پیش ہوئے اور حاضری مکمل کرائی۔ سماعت جج عارف خان نیازی نے کی، جنہوں نے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا، تاہم عدالت نے مزید دلائل طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 18 دسمبر تک ملتوی کر دی۔
یہ بھی پڑھیے گجرات کے پانی میں ڈوبنے کی ذمہ دار ن لیگ ہے، چوہدری پرویز الٰہی
عدالت سے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو’ووٹروں کے بغیر الیکشن لڑنے کی عادت‘ پڑ گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکشن ووٹرز سے ہوتا ہے اور اگر ووٹر ٹرن آؤٹ 20 فیصد سے بھی کم ہو تو اسے حقیقی انتخاب نہیں کہا جا سکتا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ عوام نے حالیہ ضمنی الیکشن کا بائیکاٹ کیا ہے۔
پرویز الٰہی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی قید سے متعلق بھی گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو جیل میں 2 سال سے زائد ہو گئے ہیں، اور ان کی دعا ہے کہ وہ جلد رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو کوئی گھبراہٹ نہیں اور ’ آپ کو بھی نہیں ہونی چاہیے‘۔
یہ بھی پڑھیں: سیاسی عدم استحکام تحریک انصاف کا انتخابی مینڈیٹ تسلیم نہ کرنے کا نتیجہ ہے، پرویز الٰہی
پرویز الٰہی نے بتایا کہ ان کے خلاف متعدد مقدمات زیرِ سماعت ہیں، جبکہ بار کونسلز کے انتخابات کے باعث بھی وہ مصروف ہیں۔
سماعت کے دوران عدالت نے فریقین کو ہدایت کی کہ بریت کی درخواست پر آئندہ سماعت میں مزید دلائل پیش کیے جائیں۔














