بالی ووڈ اور مراٹھی فلموں کی معروف اداکارہ گریجا اوک نے حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ سوشل میڈیا پر انہیں اچانک ملی شہرت کے بعد نامناسب اور پریشان کن پیغامات موصول ہو رہے ہیں۔ ایک وائرل انٹرویو کلپ کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے انہیں ’نیشنل کرش‘ اور ’انڈیا کی سڈنی سوینی‘ کے لقب سے نوازا تھا۔
گریجا اوک جو دو دہائیوں سے مراٹھی اور ہندی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کا حصہ ہیں نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ مقبولیت میں اضافے کے باوجود انہیں کسی قسم کی اضافی پیشہ ورانہ آفرز نہیں مل رہیں تاہم اس اچانک توجہ کے منفی اثرات ضرور سامنے آئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: شلپا شندے کا کیریئر کے آغاز میں بالی ووڈ فلمساز کے ہاتھوں جنسی ہراسانی کا الزام
اداکارہ نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر انہیں متعدد نامناسب پیغامات موصول ہوئے ہیں۔ کسی نے کہا کہ وہ میرے لیے کچھ بھی کرنے کو تیار ہے۔ ایک شخص نے تو براہِ راست پوچھ لیا کہ ’ایک گھنٹہ گزارنے کی قیمت کیا ہے؟‘ گریجا اوک کے مطابق یہ پیغامات ورچوئل دنیا کے منفی رویوں کی عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی زندگی میں یہی لوگ شائستگی سے پیش آتے ہیں، مگر سوشل میڈیا پر نامعلوم شناخت کے پیچھے چھپ کر کچھ بھی کہہ دیتے ہیں۔
گریجا اوک نے کم عمری میں مراٹھی فلم ’ماننی‘ سے فنی سفر کا آغاز کیا۔ وہ ہندی فلموں ’تارے زمین پر‘ اور ’شور اِن دا سِٹی‘ میں بھی نظر آ چکی ہیں۔ اس کے علاوہ وہ ٹی وی شوز لیڈیز اسپیشل اور موڈرن لو: ممبئی کے ذریعے بھی ناظرین میں مقبول ہوئیں۔
یہ بھی پڑھیں: خواتین نے ہنی ٹریپ اور جنسی ہراسانی کا نشانہ بنایا، کمرے میں خفیہ کیمرے لگائے گئے، شیر افضل مروت کا انکشاف
گریجا اوک کو حال ہی میں نیٹ فلکس کی فلم انسپکٹر زینڈے میں منوج باجپئی کے ساتھ دیکھا گیا تھا، جبکہ وہ جلد ہی گلشن دیویاہ کے ہمراہ نئے شو پرفیکٹ فیملی میں نظر آئیں گی۔














