اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے اپوزیشن کے سینیٹرز اور اراکینِ قومی اسمبلی نے ملاقات کی، جس میں سیاسی ماحول، باہمی روابط اور مذاکرات کے امکانات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
ملاقات میں سینیٹر علامہ راجا ناصر عباس، سینیٹر فیصل جاوید، سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، بیرسٹر گوہر علی خان، اقبال آفریدی، عاطف خان، ڈاکٹر امجد علی خان، سردار لطیف کھوسہ اور محمد جمال احسن خان شریک تھے۔
مزید پڑھیں: اسپیکر سردار ایاز صادق نے اپوزیشن کو مذاکرات کی ایک بار پھر پیشکش کردی
اسپیکر ایاز صادق نے اپوزیشن وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ سیاست سے بڑھ کر اراکین کے درمیان بھائی چارے اور رواداری کا رشتہ ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ سیاست ہمیشہ نہیں رہتی لیکن اراکینِ پارلیمنٹ کا احترام اور تعلق زندگی بھر قائم رہنا چاہیے۔
اسپیکر نے بتایا کہ وہ 2014 سے اپوزیشن اراکین کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے ہیں، اور ہمیشہ مذاکرات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کے تمام مسائل کا حل صرف بات چیت اور سیاسی مکالمے میں ہے۔
مزید پڑھیں: اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے قائم مقام صدر کی ذمہ داریاں سنبھال لیں
ملاقات کے دوران بیرسٹر گوہر علی خان نے بانی پی ٹی آئی سے ان کے اہلِخانہ کی ملاقات کی اجازت دینے کا معاملہ بھی اٹھایا۔ اپوزیشن وفد نے اسپیکر کی حکومت اور اپوزیشن کے درمیان رابطوں اور سہولتکاری کے کردار کو سراہا۔














