ہانگ کانگ کے علاقے تائی پو میں واقع رہائشی عمارت وانگ فک کورٹ میں لگنے والی خوفناک آتشزدگی میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 146 ہو گئی ہے۔ یہ واقعہ ہانگ کانگ کی گزشتہ 70 برس کی سب سے مہلک آتشزدگی قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ہانگ کانگ آتشزدگی، ہلاکتوں کی تعداد 128، 200 افراد اب بھی لاپتا
ہانگ کانگ پولیس کے کیژولٹی یونٹ کی سربراہ شوک ین زینگ کے مطابق تقریباً 100 افراد تاحال لاپتا ہیں جبکہ 79 زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فلیٹس اور عمارتوں کی چھتوں سے لاشیں ملی ہیں اور عمارت کے اندر اندھیرا ہونے اور روشنی کی کمی کے باعث امدادی کاموں میں شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
واقعے سے قبل عمارت کی مرمت جاری تھی اور اس کے گرد بانس کا اسکیفولڈنگ لگا ہوا تھا، بیرونی ڈھانچے پر نائلون نیٹ چڑھا ہوا تھا جبکہ کھڑکیوں پر پولی اسٹائرین پینلز نصب تھے، جس کے باعث آگ کی شدت بڑھی۔
یہ بھی پڑھیں: ہانگ کانگ میں ریکارڈ ہلاکت خیز آگ نے بانس اسکیفولڈنگ پر سوالات اٹھادیے
آتشزدگی کے بعد دو ڈائریکٹرز اور ایک انجینئرنگ کنسلٹنٹ کو سنگین غفلت کے شبہے میں حراست میں لیا گیا۔ ابتدائی طور پر انہیں ضمانت پر رہا کیا گیا تھا تاہم بعد میں انسداد بدعنوانی حکام نے انہیں دوبارہ گرفتار کر لیا، جس کے ساتھ 8 مزید افراد کو بھی حراست میں لیا گیا۔

پولیس اب تک آگ سے متاثرہ چار عمارتوں کی تلاشی مکمل کر چکی ہے، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ پورے علاقے کی سرچنگ مکمل کرنے اور باقی متاثرین کو تلاش کرنے میں مزید تین سے چار ہفتے لگ سکتے ہیں۔














