پنجگور اور تربت سمیت بلوچستان کا مکران ڈویژن کھجور کی پیداوار کے اہم مراکز ہیں، یہاں پر مقامی سطح پر کھجور کو مختلف طریقوں سے تیار کیا جاتا ہے۔
جیسے کِنچَتی ناہ کھجور کو تل کے بیج کے ساتھ ملا کر، شیرگی ناہ کھجور کو شیرے کے ساتھ ملا کر ڈبوں میں پیک کیا جاتا ہے۔
کھجور کی ویلیو ایڈڈ مصنوعات جیسے جوس، سرکہ، جیلی، اور مائع ہیلتھ کیئر فنکشنل خوراک کی تیاری کی پاکستان میں بہتر صلاحیت اور ضرورت موجود ہے، یہی وجہ ہے کہ بلوچستان میں ایک ایسی کمپنی وجود میں آچکی ہے، جو مقامی کھجوروں سے 4 اشیا بنا رہی ہے۔
درفشاں ڈیٹس کی مارکیٹنگ امور کے انچارج سلمان احمد کا کہنا ہے کہ یہ ایک پاکستانی کمپنی ہے، جس کا بیشتر کام آن لائن ہے اور جس کی ایک فیکٹری بلوچستان اور دوسری ایران میں ہے۔
سلمان احمد کے مطابق ان کی کمپنی کھجور سے آرگینک چینی، کافی، شیرا اور سرکہ بنا رہے ہیں، انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کی تیارکردہ اشیا بین الاقوامی سطح پر فروخت کی جارہی ہیں۔
’ہمارے اپنے کھجور ہیں جو لوگوں کو صحت مند متبادل فراہم کرتے ہیں۔‘
ان کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان میں اپنا کاروباربڑھا رہے ہیں اس وقت ان کی مصنوعات آن لائن خریدی جا سکتی ہیں۔













